انگلینڈ سے سیریز پاکستان کو ہتھیار چمکانے کا موقع میسر

لیسٹر سے 2 روزہ ٹور میچ آج شروع ہوگا، قومی پلیئرز نے سلپ کیچز کی پریکٹس کی۔


Sports Desk May 19, 2018
راحت علی کی سوئنگ اور کنٹرول بہتر بنانے کیلیے خصوصی مشقیں، محمد عباس اور فہیم اشرف بھی لائن اورلینتھ بہتر بنانے کیلیے سرگرم۔ فوٹو : پی سی بی

انگلینڈ کیخلاف سیریز سے قبل پاکستان کو ہتھیار چمکانے کا موقع ہفتے سے لیسٹر کیخلاف وارم اپ میچ میں ملے گا۔

انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کا مشکل امتحان شروع ہونے سے قبل پاکستان ٹیم کو اپنی تیاریوں کا جائزہ لینے کا ایک موقع ہفتے سے لیسٹر میں شروع ہونے والے 2روزہ وارم میچ میں ملے گا، انگلینڈ کیخلاف پہلا ٹیسٹ 24 سے 28 مئی تک لارڈز جبکہ دوسرا یکم سے 5 جون تک ہیڈنگلے میں شیڈول ہے۔

لیسٹر پہنچنے کے بعد ایک روز آرام کرنے والے پاکستانی کرکٹرز نے جمعے کوبھرپور ٹریننگ کی،آغاز میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے لیکچر میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیساتھ مقامی کنڈیشنز اورپچز میں بہتر کارکردگی کیلیے حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا۔

فیلڈنگ ڈرلز میں سلپ کیچز کی بھرپور مشق کی گئی، نیٹ میں اظہر علی اور امام الحق کیساتھ حارث سہیل اوربابراعظم نے بھی طویل سیشن میں پیسرز کا سامنا کرتے ہوئے اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے کام کیا۔

ہیڈ کوچ مکی آرتھر ایک طرف کھڑے ہوکر اسٹروکس بہتر بنانے کے لیے مفید مشورے دیتے رہے، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے خود بھی تھرو بولنگ کرتے ہوئے بیٹسمینوں کی پیس اور باؤنس سے نبرد آزما ہونے کیلیے تیار کیا۔

فاسٹ بولر محمد عامر گھٹنے کی تکلیف میں بہتری آنے پر ساتھی کرکٹرز کیساتھ ٹریننگ میں شریک تھے، فزیو اور ٹیم انتظامیہ کی پوری کوشش ہے کہ ٹیسٹ میچ سے قبل مکمل طور پر فٹ اور پہلے ٹیسٹ میچ میں بولنگ کا بوجھ اٹھانے کیلیے تیار ہوجائیں۔

آئرلینڈ کیخلاف میچ میں متاثر کن بولنگ نہ کرپانے والے راحت علی پر اظہر محمود نے خصوصی توجہ دیتے ہوئے سوئنگ اور کنٹرول بہتر کرنے کے طریقے بتائے، فہیم اشرف اور محمد عباس نے بھی لائن اور لینتھ بہتر بنانے کیلیے کام کیا،شاداب خان نے بھی آئر لینڈ انگلش کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے گیندوں کو گھمانے کے لیے تجربات کیے، حارث سہیل نے بھی نیٹ میں اسپن کا جادو جگایا۔

یاد رہے کہ لیسٹر شائر کیخلاف پاکستان کا گزشتہ میچ ڈرا ہوا تھا،میزبان ٹیم نے 7وکٹ پر 296 رنز بناکر اننگز ڈیکلیئرکردی تھی،گریگ اسمتھ 87کے بعد نمبر 7بیٹسمین وائن وائٹ نے 79کی مزاحمت کرتے ہوئے مہمان بولرز کے صبر کا امتحان لیا تھا، تنویر احمد اور سعید اجمل 2، 2، وہاب ریاض ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

پاکستان نے کپتان سلمان بٹ، یاسر حمید، عمرامین کی ففٹیز کی بدولت 7وکٹ پر 280 بنائے تھے۔ دریں اثنا لیسٹر میں ٹریننگ کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ آئرلینڈ میں بھی کنڈیشنز کافی مختلف تھیں، وہاں بارشیں زیادہ ہوتی ہیں، وکٹ پر گھاس کافی اور نمی بھی ہوتی ہے جس کی وجہ سے مہمان ٹیم کو مشکلات پیش آتی ہیں، تاہم میچ سے قبل انگلینڈ میں کنڈیشننگ کیمپ اور پریکٹس میچز کا بہت فائدہ ہوا جس پر پی سی بی کا شکر گزار ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچز سے قبل پریکٹس کے اچھے مواقع مل رہے ہیں، بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پر کام ہو رہا ہے، بیٹنگ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ کنڈیشنز فاسٹ بولرز کے لیے سازگار ہونے کی وجہ سے نیٹ میں فاسٹ بولنگ پر زیادہ پریکٹس کروائی جا رہی ہے، تکنیک میں بہتری کے لیے الگ سیشنز ہوتے ہیں، آئرلینڈ کیخلاف ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں ففٹی سے اعتماد میں اضافہ ہوا، بھرپور محنت کر رہا ہوں، لارڈز کے تاریخی میدان پر پاکستان کے لیے اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کروں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں