یو اے ای، نئی ویزا سہولتیں ورکرز کیلیے بیمہ اسکیم متعارف

خبر ایجنسی  ہفتہ 16 جون 2018
نئے نظام کے تحت ہر کارکن کی بیمہ پالیسی کی قدر60 درہم سالانہ ہوگی۔ فوٹو: فائل

نئے نظام کے تحت ہر کارکن کی بیمہ پالیسی کی قدر60 درہم سالانہ ہوگی۔ فوٹو: فائل

ابو ظہبی:  متحدہ عرب امارات کی کابینہ نے ایک نئی ویزا سہولتیں اور بیمہ (انشورنش) پالیسی متعارف کرانے کی منظوری دی ہے جس کے تحت اب غیر ملکی ورکروں کو سالانہ60 درہم بیمے کے لیے ادا کرنا ہوں گے۔

کابینہ کا اجلاس یو اے ای کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد کے زیر صدارت ہوا۔ کابینہ کی منظور کردہ نئی بیمہ اسکیم کے تحت نجی شعبے میں کام کرنے والے تارکینِ وطن کے حقوق کا تحفظ کیا گیا ہے اور اس سے آجروں پر اضافی مالی بوجھ بھی کم ہوگا۔ اس سے کاروباری اداروں کو زر ضمانت کی شکل میں جمع کرائے گئے 14 ارب درہم کی رقم واپس مل سکے گی۔

نئے نظام کے تحت ہر کارکن کی بیمہ پالیسی کی قدر60 درہم سالانہ ہوگی۔ بیمے سے خدمات کے خاتمے کی صورت میں ورکر کو فوائد حاصل ہوں گے، چھٹیوں کا الاؤنس اور مقرر وقت سے زیادہ کام کا الاؤنس ملے گا، واجب الاد ا اجرت کی ادائی ہوگی، واپسی کا ٹکٹ اور کام کے دوران زخمی ہونے کی صورت میں فی کارکن 20 ہزار درہم تک معاوضہ ملے گا۔

امارات کی کابینہ نے زائرین، مکینوں، خاندانوں اور ملک میں زاید المیعاد قیام کرنے والے لوگوں کے لیے مختلف ویز ا سہولتوں کی بھی منظوری دی ہے۔

کابینہ نے موجودہ اقامتی نظام پر نظرثانی کی ہے اور اس کے تحت متحدہ عرب امارات میں اپنے والدین کے ہاں قیام کرنے والے طلبہ کے ویزے میں تعلیم مکمل کرنے کی صورت میں دو سال تک توسیع دی جاسکے گی۔

کابینہ کے ایک نئے فیصلے کے تحت اب متحدہ عرب امارات کے کسی بھی ہوائی ا ڈے پر اترنے والے ٹرانزٹ مسافر وں سے پہلے48 گھنٹے کی کوئی داخلہ فیس وصول نہیں کی جائے گی اور ٹرانزٹ ویزے میں صرف50 درہم کی ادائیگی پر96 گھنٹے کے لیے توسیع کرائی جاسکے گی۔

یو اے ای کے تمام ہوائی اڈوں پر قائم خصوصی کاؤنٹروں پر یہ ٹرانزٹ ویزے حاصل کیے جاسکیں گے۔ کابینہ نے زائد المیعاد رہنے والے لوگوں کو رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑنے کا ایک موقع دینے کے فیصلے کی بھی منظوری دی ہے۔ اس صورت میں ان کے پاسپورٹ پر ’’نوانٹری‘‘ کی مہر لگائی جائے گی۔

ملازمت کی تلاش میں یو اے ای آنے والوں کے لیے چھے ماہ کی مدت کا ایک نیا ویزا متعارف کرایا جائے گا تاکہ کابینہ کے الفاظ میں ’’پْر عزم لوگ ‘‘ اس عرصے کے دوران میں اپنے لیے ملازمتیں تلاش کرسکیں۔

کابینہ نے متحدہ عرب امارات اور روسی فیڈریشن کے درمیان طے شدہ ایک سمجھوتے کی بھی منظوری دی ہے جس کے تحت دونوں ملکوں کے شہری ایک دوسرے کے ویزے سے مستثنا ہوں گے۔اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔