لاہور:
اسلام آباد سے لاہور گاڑی خریدنے آئے تین بھائی ڈیفنس میں لٹ گئے، نوسرباز نے گھر اور گاڑی کسی کی دکھائی جبکہ رقم خود لے کر بھاگ گئے۔
شیخ عثمان اپنے بھائیوں شیخ اسد اور شیخ حبیب کے ہمراہ گاڑی خریدنے آیا۔ گاڑی دلانے کے لیے نوسرباز ملزمان حمزہ اور مراد ڈیفنس کے رہائشی نعمان کے گھر لے گئے۔
مدعی مقدمہ کے مطابق ملزمان نے 45 لاکھ لے کر گاڑی کی ٹیسٹ ڈرائیو کروائی، بائیو میٹرک اور اسٹاپ کروانے گئے جہاں نوسرباز رقم لیکر بھاگ گئے۔ نعمان کے سامنے پیسے دیے جو گاڑی دینے سے بھی انکاری ہوگیا۔
مدعی مقدمہ عثمان کے مطابق پولیس نے مقدمہ درج کر لیا تاہم فوٹیج کے باجود ملزمان گرفتار نہیں ہوئے، صبح شام تھانے کے چکر لگائے مگر انویسٹی گیشن پولیس ملزمان کے خلاف کارروائی نہیں کر رہی۔
بھائیوں نے اپیل کی ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نوٹس لیں اور ملزمان گرفتار کر کے رقم برآمد کروائی جائے۔