خوبصورت نظر آنے کا شوق سیلون اور ہیئر ڈریسرز کی دکانوں پر نوجوانوں کا رش

ہیئرڈریسرز کی دکانیں مردانہ بیوٹی سیلون کا روپ دھار چکی ہیں، مردانہ سیلونز پر چاند رات کی سروس کے لیے خصوصی انتظام


Staff Reporter June 16, 2018
سیلونز پر بالوں کی کٹنگ اوراسٹائلنگ 400سے 500روپے تک کی گئی،بچوںکی کٹنگ کے 300روپے سے 400روپے تک وصول۔ فوٹو: محمد نعمان/ ایکسپریس

خواتین کے ساتھ مردوں اور بالخصوص نوجوانوں میں پرکشش اور خوبصورت نظر آنے کا شوق عید پر شدت اختیار کرگیا ہے، شہر بھر میں مردانہ سیلون اور ہیئرڈریسرز کی دکانوں پر گزشتہ دو دنوں سے گاہکوں کا رش لگ گیا ہے۔

بڑے سیلونز پر پیشگی بکنگ کرائی جارہی ہے، مردانہ سیلونز پر چاند رات کی سروس کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ کچھ عرصہ قبل تک ہیئر ڈریسرز کی خدمات صرف بالوں کی کٹنگ ، شیونگ، داڑھی کی تراش خراش تک محدود تھیں تاہم وقت کے ساتھ اب ہیئرڈریسرز کی دکانیں مردانہ بیوٹی سیلون کا روپ دھار چکی ہیں۔

نوجوانوں کی بڑی تعداد نے عید پر خوبصورت اور پرکشش نظر آنے کے لیے چاند رات کو ہیئر ڈریسرز اور مردانہ سیلونز میں ڈیرے ڈال دیے، ہیئر ڈریسرز اور مردانہ بیوٹیشنز نے چاند رات سے قبل ہی عیدی وصولی شروع کردی اور عام دنوں کے مقابلے میں سروس کے چارجز میں اضافہ کردیا۔

ہیئر ڈریسرز کا کہنا ہے کہ عید کے پورے ہفتے میں گاہکوں سے عیدی وصول کی جاتی ہے جو عید کے بعد کے دنوں میں بھی وصول کی جائیگی، بڑے سیلونز پر بالوں کی کٹنگ اور ہیئر اسٹائلنگ 400سے 500روپے تک کی گئی۔

بچوں کی کٹنگ کے پیسے 300روپے سے 400روپے تک وصول کیے گئے، بالوں کو ڈائی کرنے کے چارجز بھی 600سے 700روپے تک وصول کیے گئے، داڑھی کی ٹرمنگ اور فیشن کے مطابق سیٹنگ کے چارجز 200روپے تک وصول کیے گئے، مردانہ سیلونز پر مردوں کے چہروں کا بلیچ اور فیس واش کرانے والے گاہکوں کا رش لگا رہا عام سیلونز پر فیس واش کے چارجز 200روپے اور بلیچ کے چارجز 300سے 400روپے تک وصول کیے گئے۔

بڑے سیلونز نے پرسنل گرومنگ کے نام سے مکمل پیکج کے ذریعے پیسے بٹورے جس میں بالوں کی تراش خراش، شیونگ، فیشل اور فیس ٹریٹمنٹ شامل ہیں، بڑے سیلونز پر گاہکوں کی پیشگی بکنگ کرائی گئی تمام بڑے سیلونز صبح تک کھلے رہے۔

مردانہ سیلونز پر اب مردوں کے چہروں کا بلیچ، فیس پالش اور ماسک کیے جاتے ہیں اسی طرح بالوں کی جدید تراش خراش کے ساتھ کلر ڈائنگ بھی کی جاتی ہے فیشن کے طور پر رکھی جانے والی خط یا خش خشی داڑھی کے بھی متعدد ڈیزائن سامنے آچکے ہیں، کراچی کے نوجوانوں کی بڑی تعداد چاند رات کو ان سیلونز میں دکھائی دیتے ہیں، نوجوان میں سنجنے سنورنے کا شوق اور رجحان بڑھنے کی وجہ سے مردانہ سیلونز کا کاروبار تیزی سے ترقی کرررہا ہے۔

شہر کے بہت سے علاقوں میں اب مردانہ بیوٹی سیلونز کی تعداد بیوٹی پارلرز کے مقابلے میں خاصی بڑھ چکی ہے۔ ان میں ناظم آباد، صدر، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، کھارا در، گلستان جوہر، کورنگی، لانڈھی، جیکب لائن، نارتھ کراچی، کیماڑی، گولیمار اور لیاقت آباد نمایاں ہیں۔

شہر کے پوش اور مہنگے علاقوں میں ٹی وی اور شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور کھلاڑیوں نے بھی اپنے مردانہ سیلون قائم کرلیے ہیں جہاں سے شہر کی مشہور شخصیات اور امیر طبقہ اپنے ذوق کی تسکین کرتا ہے۔ ایسے سیلون زیادہ تر ڈیفنس اور زمزمہ، طارق روڈ کے علاقے میں قائم ہیں۔

مقبول خبریں