پری کوارٹر فائنل برازیل اور میکسیکو آج صف آرا

پانچ بار کی چیمپئن کو نیمار کا ساتھ میسر، جاپانی ٹیم بیلجیئم کیخلاف قسمت آزمائے گی


Sports Desk July 02, 2018
پانچ بار کی چیمپئن کو نیمار کا ساتھ میسر، جاپانی ٹیم بیلجیئم کیخلاف قسمت آزمائے گی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

فٹبال ورلڈکپ میں پیر کو پری کوارٹر فائنل میں برازیل اور میکسیکو کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔

پانچ بار کی سابق چیمپئن برازیل کو اس بار پیرس سینٹ جرمین میں کھیلنے والے نیمار کا ساتھ میسر ہے، گروپ مرحلے میں برازیلین ٹیم کوئی غیرمعمولی کھیل پیش نہیں کرپائی ہے، سوئٹزرلینڈ سے ان کا ابتدائی مقابلہ 1-1 سے برابر رہا تھا جبکہ کوسٹاریکا کیخلاف ان کی جیت کا اسکور 2-0 رہا جبکہ سربیا کیخلاف بھی ان کی فتح کا مارجن یہی رہا تھا۔

دوسری جانب میکسیکن ٹیم نے ایونٹ کا دھماکے دار آغاز کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن جرمنی کو1-0 سے ہرادیاتھا، جنوبی کوریا کیخلاف بھی انھیں 2-1 سے کامیابی ملی جبکہ سوئیڈن نے تیسرے اور آخری پول میچ میں جنوبی امریکن ملک کو 3-0 سے آؤٹ کلاس کردیا تھا۔

آج راؤنڈ 16 کا دوسرا مقابلہ روسٹواون ڈون میں بیلجیئم اور جاپان کے درمیان شیڈول ہے، بیلجیئم نے پناما کیخلاف 3-0 سے کامیابی سے ورلڈ کپ میں کھاتہ کھولا، تیونس کیخلاف ان کی جیت کا اسکور 5-2 رہا تھا جبکہ انگلینڈ کی ٹیم آخری پول میچ میں ان کے ہاتھوں1-0 سے شکست کھاگئی تھی، جاپانی ٹیم نے کولمبیا کو 2-1 سے زیر کیا، سینیگال سے ان کا ٹاکرا 2-2 سے برابر رہا جبکہ پولینڈ نے جاپان کو 1-0 سے قابو کرلیا۔

 

مقبول خبریں