سڑکیں بنانے اور لوگوں کو بھکاری بنانے سے ملک خوشحال نہیں ہوتے عمران خان

جو قوم خود اپنی عزت نہیں کرتی دنیا بھی اس کی عزت نہیں کرتی،عمران خان


ویب ڈیسک May 05, 2013
موقع ملا تو ایک سال میں یہ ثابت کردوں گا کہ پاکستانی قوم کتنا پیسہ دیتی ہے،عمران خان ۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

NEW DELHI: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہتے ہیں کہ سڑکیں بنانے اور لوگوں کو بھکاری بنانے سے ملک خوشحال نہیں ہوتے، ہم پاکستانیوں کو ایک قوم بنائیں گے۔

خوشاب میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ملک میں تمام جماعتوں نے مک مکا کرکے لوٹ مار کا بازار گرم کیا اورعوام پر خرچ ہونے والا پیسا خود ہی ہڑپ کرگئے۔ ملک میں بجلی ہے نہ پینے کا صاف پانی،لیکن اب ایسا نہیں ہوگا،وہ ڈاکوؤں اور عوام کا خون چوسنے والوں کا شکار کرنے آئے ہیں اور سارے پرانے سیاسی اداکار اُن کی گرفت میں ہیں،11 مئی کو بلا ان تمام نام نہادعوامی نمائندوں کا برا حال کردے گا۔ شریف برادران نے نوجوانوں کی قیمت لیپ ٹاپ سے لگائی لیکن نوجوان کمپیوٹرسے نہیں بکے گا کیونکہ ان کے اصل کپتان تو وہ ہیں۔

اس سے قبل لاہور میں تقریب سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ ساتھ بڑے ہوئے ہیں انہوں نے اس ملک کا سنہری دور بھی دیکھا ہے۔ آج ملک بربادی کے کنارے پر کھڑا ہے۔ ہم اگر آج اس نہج پر ہیں تو ہمیں اس کی وجہ بھی جاننی ہوگی اور اس کی وجہ صرف ایک ہی ہے کہ ہمارے ملک میں ظلم اور ناانصافی کا نظام ہے۔ ہمارے پاس دنیا کی ہر نعمت ہے ہم سب سے زیادہ سستی بجلی بنا سکتے ہیں لیکن اس کے باوجود یہاں مہنگائی، غربت اور بےروزگاری کا راج ہے۔ ملک کا غریب آدمی اپنا گھر نہیں چلا سکتا، جب ہم نئے پاکستان کی بات کرتے ہیں تو لوگوں کو اندازہ نہیں کہ ہماری قوم کتنی تیزی سے اٹھے گی،نیا پاکستان اس قوم کی ترقی کا ضامن ہوگا۔ جس دن ہم نے انتظامی امور کو ٹھیک کرلیا اور عدل و انصاف لے آئے اس دن بیرون ملک مقیم پاکستانی خود یہاں پیسہ بھجوائیں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ بھیک مانگنے والے اور قرضہ لینے والے کی دنیا عزت نہیں کرتی، جو قوم خود اپنی عزت نہیں کرتی دنیا بھی اس کی عزت نہیں کرتی۔ ہم انگریزوں کی غلامی کے بعد امریکیوں کی غلامی چلے گئے ہیں، اگر انہیں موقع ملا تو وہ ایک سال میں یہ ثابت کردیں گے پاکستانی قوم کتنا پیسہ دیتی ہے۔

مقبول خبریں