
نامور بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا آج کل بھارت میں اپنے امریکی دوست گلوکار و اداکار نک جونز کے ساتھ موجود ہیں۔ دونوں کے بھارت آتے ہی میڈیا میں یہ خبر گردش کررہی تھی کہ دونوں کے درمیان نزدیکیاں کچھ زیادہ ہی ہیں اور بہت جلد دونوں شادی کےبندھن میں بندھ جائیں گے۔
پریانکا اور نک نے بھی کبھی ان افواہوں کی تردید نہیں کی بلکہ دونوں ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے گھومتے نظرآئے جس کے بعد پریانکا اور نک کی شادی کی افواہوں کو مزید تقویت ملی اور اب میڈیا میں دونوں کی منگنی کی خبریں گردش کررہی ہیں۔

بھارتی ویب سائٹ ٹائمز ناؤ نے دعویٰ کیا ہے کہ پریانکا چوپڑا اور نک جونز نے منگنی کرلی ہے اور دونوں اکتوبر میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ خبروں میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ پریانکا نے رواں ماہ اپنی سالگرہ سے ایک ہفتے قبل نک سے منگنی کی تھی اور اب دونوں اپنے رشتے کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے۔
دوسری جانب پریانکا چوپڑا نے سلمان خان کے ساتھ فلم''بھارت'' میں کام کرنے سے معذرت کرلی ہے اوراس کی وجہ بھی ان کی شادی کو ہی قرار دیا جارہا ہے۔ فلم''بھارت'' کے ہدایت کار علی عباس نے ٹوئٹ کرکے تصدیق کی ہے کہ پریانکا نے ان کی فلم میں کام کرنے سے معذرت کرلی ہے۔

علی عباس ظفر نے لکھا پریانکا ایک بہت خاص وجہ سے ان کی فلم کا حصہ نہیں ہیں ، انہوں نے صحیح وقت پر ہمیں اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا اورہم ان کے فیصلے سے بہت خوش ہیں، ''بھارت''کی ٹیم کی جانب سے پریانکا کے لیے بہت سارا پیار۔
Yes Priyanka Chopra is no more part of @Bharat_TheFilm & and the reason is very very special , she told us in the Nick of time about her decision and we are very happy for her ... Team Bharat wishes @priyankachopra loads of love & happiness for life 😊😉😍
— ali abbas zafar (@aliabbaszafar) July 27, 2018
علی عباس ظفر کی ٹوئٹ میں پریانکا کی شادی کی وضاحت تو نہیں کی گئی تاہم ان کی باتوں سے صاف ظاہر ہے کہ پریانکا نے جس خاص وجہ سے فلم میں کام کرنے سے انکار کیا ہے وہ وجہ نک جونز سے شادی ہے۔















