عسکری پارک کراچی میں گرنے والے جھولے کی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی

ویب ڈیسک  منگل 31 جولائی 2018

 کراچی: عسکری پارک میں جھولا گرنے کی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ منظر عام پر آگئی ہے جس میں ناقص مٹیریل کے استعمال کی نشاندہی کی گئی ہے۔

کراچی کے عسکری پارک میں جھولا گرنے کے حوالے سے تحقیقاتی کمیٹی کی چیف سیکرٹری سندھ کو پیش کردہ رپورٹ منظر عام پر آگئی ہے، رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جھولا توازن کھونے اور غلط فٹنگ کے باعث گرا جب کہ آپریٹ کرنے والا عملہ بھی غیرتربیت یافتہ تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جھولا چین سے درآمد کیا گیا اور اس میں ناقص مٹیریل استعمال کیا گیا، جھولا استعمال شدہ تھا جب کہ اس کی ویلڈنگ ناقص اور کوئی ایس او پی بھی نہیں تھا، 2 جولائی کی انسپکشن میں جھولے کی فٹنگ پر تحفظات کا اظہار بھی کیا گیا تھا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ نٹ بولٹ صحیح لگائے گئے نہ ہی ویلڈنگ مناسب تھی جب کہ ٹھیکیدار، آپریشنل اور آڈٹ ٹیم واقعہ کی ذمہ دار ہے۔ کمیٹی نے اپنی سفارشات میں کہا ہے کہ پارک کھولنے سے قبل تمام جھولوں کی انسپکشن کرائی جائے، جھولے لگانے اور چلانے سے متعلق ایس او پیز بھی بنائے جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔