عمران خان کی حلف برداری؛ کپل دیو اور سدھو نے پاکستان آنے کی تصدیق کردی

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 10 اگست 2018
پاکستان آنے کے لیے اسی لمحے کا انتظار کر رہے تھے، سابق بھارتی کرکٹرز۔ فوٹو : فائل

پاکستان آنے کے لیے اسی لمحے کا انتظار کر رہے تھے، سابق بھارتی کرکٹرز۔ فوٹو : فائل

اسلام آباد: بھارتی سابق کرکٹرز کپل دیو اور سدھو نے عمران خان کی بطور وزیر اعظم تقریب حلف برداری کے لیے دعوت قبول کرتے ہوئے پاکستان آنے کی تصدیق کردی۔

پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عمران خان کی وزیر اعظم کے لیے حلف برداری کی تقریب 18 اگست کو ہوگی جس کے لیے سابق بھارتی کپتان کپل دیو، نوجوت سدھو اور سنیل گواسکر کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے، کپل دیو اور سدھو سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا اور ان دونوں سابق کرکٹرز نے اپنی دستیابی سے آگاہ کردیا ہے یہ دونوں کرکٹرز حلف برداری کی تقریب سے ایک روز قبل پاکستان پہنچیں گے۔

سینیٹر فیصل جاوید کے مطابق بھارتی سابق کرکٹرز کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان آمد کے لیے بے تاب اور خوش ہیں اور وہ پاکستان آنے کے لیے اسی لمحے کا انتظار کر رہے تھے۔

رہنما پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈ کپ 1992ء کی فاتح پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے دعوت نامے ارسال کر دیے گئے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : عمران خان 18 اگست کو وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے

واضح رہے کہ انتخابات میں عمران خان کی کامیابی کو کھیل کے حلقوں کی جانب سے خوش آئند قرار دیا گیا تھا، سابق قومی کرکٹرز سمیت موجودہ کپتان سرفراز احمد نے بھی بنی گالہ میں جا کر انہیں جیت کی مبارک باد دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔