نقل سے روکنے پر مشتعل طلبا نے امتحانی مرکز کو ہی آگ لگا دی جس کے باعث کلاس رومز میں موجود فرنیچر مکمل طور پر جل گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق حیدرآباد تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام گیارہویں جماعت کے انگریزی کے پرچہ میں نقل کی دھوم مچی رہی لیکن امیدواروں میں اس وقت کھلبلی مچ گئی جب ڈائریکٹر کالجز پروین ناز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پائلٹ اسکول کے امتحانی مرکز کا دورہ کیا جہاں 50 سے زائد امیدوار نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے، پکڑے جانےوالے امیدوار مشتعل ہوگئے اور انہوں نے کلاس رومز کو ہی آگ لگا دی۔
اسکول انتظامیہ کے مطابق امتحانی مرکز کے باہر بیٹھے امیدواروں کے ساتھیوں نے آگ لگانے میں ان کی مدد کی، آتشزگی کے باعث کلاس روم میں موجود فرنیچر مکمل طور پر جل کر راکھ ہوگیا تاہم فائربریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ 50 سے زائد امیدواروں کے خلاف درج کیا جائے گا۔