دھوکے باز

یہ آرٹسٹ اسٹیج پر آتے تو داد و تحسین کا گویا نہ تھمنے والا سلسلہ شروع ہو جاتا۔


September 08, 2018
یہ آرٹسٹ اسٹیج پر آتے تو داد و تحسین کا گویا نہ تھمنے والا سلسلہ شروع ہو جاتا۔ فوٹو: فائل

یہ 1980 کی بات ہے، جب پاپ میوزک کے شیدائی Milli Vanilli سے متعارف ہوئے۔

یہ نام جرمنی کے دو آرٹسٹوں Rob Pilatus اور Fab Morvanکے میوزیکل بینڈ کا تھا۔ ان گلوکاروں نے گویا دیکھتے ہی دیکھتے شہرت اور مقبولیت کا سفر طے کر لیا تھا۔ ان آرٹسٹوں نے پاپ کے رسیا نوجوانوں ہی کو نہیں بلکہ چند برس کے دوران ناقدین کو بھی اپنی جانب متوجہ کر لیا اور 1988 میں نئے آرٹسٹ کے زمرے میں اس میوزک بینڈ کو گریمی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

یہ آرٹسٹ اسٹیج پر آتے تو داد و تحسین کا گویا نہ تھمنے والا سلسلہ شروع ہو جاتا۔ مقبولیت کا یہ عالم تھاکہ پرستار اسٹیج سے اترنے نہ دیتے اور ان کی فرمائشیں پوری کرتے کرتے دونوں بُری طرح تھک جاتے، لیکن ایک روز سب کچھ برباد ہو گیا۔ شہرت اور نام وری کی جگہ ذلت اور رسوائی ان کا مقدر بن گئی!

یہ واقعہ ہے انگلینڈ کے ایک لائیو شو کا جب ٹیپ ریکارڈ نے پاپ سنگرز کا ساتھ چھوڑ دیا۔ اس میں موجود کیسٹ اچانک ہی پھنسگئی تھی۔ دونوں آرٹسٹ اسٹیج پر نہایت پُرجوش انداز میں پرفارم کررہے تھے اور حاضرین کا ذوق و شوق بھی دیدنی تھا، مگر ٹیپ پھنستے ہی 'آرٹسٹوں' کی حقیقت بھی کُھل گئی۔

اس روز شائقین لائیو شو کے دوران اسٹیج پر موجود سنگرز کو نہایت پُرجوش انداز میں تھرکتے اور مستی کے عالم میں گیت گاتے دیکھ رہے تھے، مگر جب ان کی سماعتوں سے گیت کا ایک ہی بول بار بار ٹکرانے لگا تب انہوں نے غور کیا کہ گلوکار تو فقط اپنے ہونٹوں کو جنبش دے رہے ہیں اور یہ لائیو پرفارمینس نہیں ہے۔ اس کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ کہیں کوئی ٹیپ بج رہا ہے اور اب اس کا کیسٹ گیت کے بول Girl, you know it's true پر اٹک گیا ہے۔

اِدھر 'پاپ سنگرز' کی غیر ہوتی حالت نے بھی حاضرین پر ان کی حقیقت آشکار کر دی تھی۔ دونوں آرٹسٹوں نے صورتِ حال بھانپتے ہوئے وہاں سے فرار ہو جانے کا فیصلہ کیا اور اسٹیج سے اتر کر باہر کی طرف دوڑ لگا دی۔

بعد میں تفصیلات سامنے آئیں جن کے مطابق مذکورہ نوجوان شائقین کو اب تک دھوکا دیتے رہے اور اپنے شوز کے ذریعے خوب دولت کمائی۔ وہ نہایت چالاکی اور مہارت سے کسی مقامی گلوکار کی آواز اور گیتوں کی دھنوں پر پرفارم کرتے تھے۔ اگر اس روز آڈیو ٹیپ نہ پھنستی تو یہ سلسلہ جانے کب تک جاری رہتا۔ اس واقعے کے بعد پاپ بینڈ پر پابندی عائد کرتے ہوئے اُن 'گلوکاروں' پر فراڈ کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

مقبول خبریں