کلثوم نواز کی میت لانے کے لئے شہباز شریف لندن پہنچ گئے

ویب ڈیسک  بدھ 12 ستمبر 2018
کلثوم نواز کے دونوں بیٹے حسین اور حسن نواز اپنی والدہ کی تدفین میں شرکت نہیں کرسکیں گے فوٹو: فائل

کلثوم نواز کے دونوں بیٹے حسین اور حسن نواز اپنی والدہ کی تدفین میں شرکت نہیں کرسکیں گے فوٹو: فائل

 لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اپنی بھابھی کلثوم نواز کی میت وطن واپس لانے کے لیے لندن پہنچ گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اپنی بھابھی کلثوم نواز کی میت وطن واپس لانے کے لیے لاہور سے قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے لندن پہنچے۔

بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ آج ریجنٹ پارک  کی مسجد میں ادا کی جائےگی جس کے بعد جمعہ کے روز شہباز شریف کلثوم نواز کی میت کے ہمراہ لاہور واپس پہنچیں گے جہاں ان کی نماز جنازہ شریف میڈیکل سٹی جاتی امرا میں شام 5 بجے ہوگی۔

خاندانی ذرائع کے مطابق لاہور میں مرحومہ کی نماز جنازہ مولانا طارق جمیل پڑھائیں گے جب کہ بیگم کلثوم نواز کو سسر میاں شریف کے پہلو میں سپردخاک کیا جائے گا۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو اڈیالہ جیل سے پیرول پر رہا کر دیا گیا ہے، تینوں کو خصوصی طیارے سے لاہور جاتی امرا پہنچایا گیا جب کہ ان کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دیا گیا ہے۔

کلثوم نواز کے دونوں بیٹے حسین اور حسن نواز اپنی والدہ کی تدفین میں شرکت نہیں کرسکیں گے، عدالتوں سے اشتہاری قرار دئیے جانے کے پیش نظر شریف خاندان کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے، وہ جمعرات کو لندن میں اپنی والدہ کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد میت کو شہباز شریف کی ہمراہ لاہور روانہ کر دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔