ایشین گیمز؛ ہاکی کوچ نے ناقص کارکردگی پر رپورٹ جمع کرا دی

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 13 ستمبر 2018
مخصوص حالات میں ٹیم گیم کے بجائے انفرادی کھیل شکست کی وجوہات قرار۔ فوٹو: فائل

مخصوص حالات میں ٹیم گیم کے بجائے انفرادی کھیل شکست کی وجوہات قرار۔ فوٹو: فائل

 کراچی: ایشین گیمزمیں پاکستان ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے حوالے سے ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے ہیڈکوچ رولینٹ اولٹمنز نے اپنی رپورٹ پی ایچ ایف کوجمع کرا دی۔

ذرائع کے مطابق خطیرمشاہرے پر خدمات انجام دینے والے غیرملکی کوچ نے اپنی رپورٹ میں پاکستان ہاکی ٹیم کی ایشین گیمزمیں عبرتناک شکست کی وجوہات اور توجیہات بیان کی ہیں، ان میں مخصوص حالات میں ٹیم گیم کے بجائے انفرادی کھیل اپنانا،کھلاڑیوں کی  فزیکل فٹنس میں کمی اور ملنے والے مواقع سے گول نہ کر کے کامیابی کے امکانات کوکھونا بھی شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈچ کوچ نے اپنی رپورٹ میں موقف اپنایاکہ انڈونیشیا میں منعقدہ ایشین گیمزکے ہاکی ایونٹ میں پاکستان کے کھلاڑی دوران میچز خاص گیم حالات میں  ٹیم گیم کا مظاہرہ کرنے کے بجائے انفرادی کھیل کا مظاہرہ کرتے رہے، ٹیم کمبی نیشن کا فقدان ہوا، پاکستان ہاکی ٹیم نے7 میچز میں46 گول اسکور کیے، میچز میں پاکستان کو مجموعی طور پر 48 پنالٹی کارنرز حاصل ہوئے، تاہم بدقسمتی سے ان میں سے صرف 17 پنالٹی کارنرز سے فائدہ اٹھاتے ہوئے گول اسکورکیے جبکہ 31 پنالٹی کارنرز ضائع کردیے گئے جس کی بنا پرپنالٹی کارنر پرگول کرنے کی شرح 35 فیصد رہی، تاہم یہ امر قابل ذکرہے کہ کامن ویلتھ گیمزکے مقابلے میں ایشین گیمزمیں پنالٹی کارنر پرگول کرنے کی شرح بڑھی۔

اولٹمنز نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ اہم میچز میں گول کرنے کی شرح کم ہوکر صرف 14 فیصد رہ گئی جو کہ اس سطح پر قومی ہاکی ٹیم کیلیے ناکافی ہے، ڈچ کوچ کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی فارورڈز نے گول کرنے کے 133 مواقع پیدا کیے جبکہ صرف 27 مواقعوں پرگول کرسکے جو کہ کل مواقعوں کا 20 فیصد ہے جبکہ جاپان کیخلاف سیمی فائنل میں ناکامی سے دوچار ہونے والی پاکستان ہاکی ٹیم کو 9 مواقع ملے جبکہ بھارت کے خلاف اہم میچ میں گرین شرٹس کو12 مواقع ملے جس سے بدقسمتی سے فائدہ نہ اٹھایاجاسکا۔

ماضی میں بھارتی ہاکی ٹیم کی کوچنگ کرنے والے اولٹمنز نے مستقبل میں بہتر نتائج کے لیے اپنی بعض سفارشات بھی پیش کی ہیں جن میں کھلاڑیوں کی فٹنس کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت پرزوردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کے پول میں ورلڈ رینکنگ میں کمزور ترین ٹیمیں شامل تھیں جن میں عالمی رینکنگ میں 86 ویں نمبر والی ٹیم قازقستان کو پاکستان نے 16 گول سے شکست دی، عالمی رینکنگ میں 47 ویں نمبر والی ٹیم تھائی لینڈ کو پاکستان نے10 گول سے ہرایا اور عالمی رینکنگ میں 33 ویں پوزیشن کی حامل اومان کی سائیڈکو پاکستان نے10 گول  سے زیر کیا لیکن پاکستان کو عالمی رینکنگ میں 16 ویں نمبر کی ٹیم جاپان کے ہاتھوں 2-1 کی حیرتناک ناکامی کا سامنا رہا۔

بعدازاں  عالمی رینکنگ میں 13 ویں پوزیشن پر موجود پاکستان کو 8 ٹیموں کے ایونٹ میں چھٹی پوزیشن پر قناعت کرنا پڑا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔