بھارتی کرکٹر محمد کیف نے کترینہ سے رشتے پر خاموشی توڑ دی

ویب ڈیسک  جمعـء 14 ستمبر 2018
کترینہ کیف کا اصل نام کترینہ ٹورکیوٹے ہے فوٹو:فائل

کترینہ کیف کا اصل نام کترینہ ٹورکیوٹے ہے فوٹو:فائل

ممبئی: سابق بھارتی کرکٹر محمد کیف نے سوشل میڈیا پر اپنے اوراداکارہ کترینہ کیف کے درمیان رشتے کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہوں پر بالآخر خاموشی توڑ دی۔

ٹوئٹر پر’’ہیش ٹیگ آسک کیف‘‘ میں سوشل میڈیا صارفین نے سابق بھارتی کرکٹر محمد کیف سےان کے اور اداکارہ کترینہ کیف کے درمیان رشتے کے حوالے سے کئی سوالات پوچھے۔

ایک صارف نے محمد کیف سے پوچھا ’’سر آپ کا اورکترینہ کیف کا رشتہ کیاہے؟ اور اگر آپ دونوں کے درمیان کوئی رشتہ نہیں ہے تو کیا مستقبل میں کوئی رشتہ بننے کی امید ہے؟‘‘

محمد کیف نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا’’میرے اور کترینہ کے درمیان کوئی رشتہ نہیں، میں پہلے ہی ایک خوشگوار شادی شدہ زندگی گزار رہا ہوں، لیکن میں نے کترینہ کیف کے نام کے حوالے سے ایک دلچسپ کہانی سنی ہے اور اس کہانی کے مطابق کترینہ کا تعلق میرے نام کے ساتھ ہے۔‘‘

کترینہ کیف کے نام میں شامل’’کیف‘‘کے پیچھے انتہائی دلچسپ کہانی ہے، کترینہ کیف کے والد محمد کیف کا تعلق کشمیر سے اور والدہ سوزانا ٹور کیوٹے کا تعلق برطانیہ سے ہے۔ بھارت آنے کے بعد کترینہ کیف نے اپنا خاندانی نام ٹورکیوٹے سے تبدیل کرکے ’’کیف‘‘ کرلیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کترینہ کیف نے اپنا نام اس لیے تبدیل کیا کیونکہ ٹورکیوٹے بولنے میں بہت مشکل تھا اوراس وقت محمد کیف بھارتی کرکٹ ٹیم کے بہترین کرکٹرز میں سے ایک تھے یہی وجہ تھی کہ کترینہ نے اپنے نام کے ساتھ ’’کیف‘‘کا اضافہ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔