ایشیا کپ؛ بنگلا دیش نے سری لنکا کو 137 رنز سے شکست دے دی

ویب ڈیسک  ہفتہ 15 ستمبر 2018
بنگلادیش کی جانب سے مشفق الرحیم نے 144 رنز کی ذمہ دارنہ اننگز کھیلی۔ فوٹو: اے ایف پی

بنگلادیش کی جانب سے مشفق الرحیم نے 144 رنز کی ذمہ دارنہ اننگز کھیلی۔ فوٹو: اے ایف پی

 دبئی: ایشیا کپ کے پہلے میچ میں بنگلا دیش نے سری لنکا کو 137 رنز سے شکست دے دی۔ 

ایشیا کپ کا میلہ دبئی میں سج گیا، پہلے ایک روزہ میچ میں بنگلا دیش کی پوری ٹیم سری لنکا کے خلاف آخری اوور میں 261 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور فتح کے لیے سری لنکن ٹیم کو 262 رنز کا ہدف دیا۔

جواب میں سری لنکا کی جانب سے اپل تھرانگا اور کوسل مینڈس نے اننگز کا آغاز کیا لیکن مینڈس دوسرے ہی اوور میں بغیر کوئی رنز بنانے کے بعد مستفیض الرحمان کا شکار بن گئے جب کہ تھرنگا نے 27 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی مگر تیسرے ہی اوور میں مشرفی مرتضیٰ نے انہیں پویلین بھیج دیا۔

بنگلادیش کی طرح سری لنکا کا ٹاپ آرڈر بھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا اور 38 رنز پر ہی 4 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے، کوشل پریرا 11 اور دھنانجایا ڈی سلوا بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان اینجلو میتھیوز بھی صرف 16 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور داسن شناکا 7 رنز ہی بناسکے جس کے بعد پوری ٹیم محض 124 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور ٹیم کو بہت بڑے مارجن 137 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

قبل ازیں بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر سری لنکا کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو سری لنکا کے لاستھ مالنگا نے پہلے ہی اوور میں بنگال ٹائیگر کے دو کھلاڑیوں لٹن داس اور شکیب الحسن کو پویلین لوٹنے پر مجبور کردیا۔ بنگلا دیش کو دھچکا اس وقت لگا جب دوسرے ہی اوور میں تین کے مجموعی اسکور پر اوپننگ بلے باز گیند لگنے سے زخمی ہوگئے اور انہیں ریٹائرڈ ہرٹ ہونا پڑا۔

مشفق الرحیم نے  محمد متھن کے ساتھ مل کر 131 رنز کی اہم شراکت قائم کی، متھن 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 63 رنز کی انتہائی اہم اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد ٹیم نے تجربہ کار بلے باز محمد اللہ سے امید جوڑی کہ وہ مشفق الرحیم کے ساتھ مل کر اسکور بورڈ کو آگے بڑھائیں گے مگر وہ صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور مصدق حسین بھی ایک ہی رنز بناسکے۔

کھلاڑیوں کے پویلین لوٹنے کے باوجود مشفق الرحیم نے ہمت نہیں ہاری اور اپنی ذمہ دارانہ اننگز کو جاری رکھا، وہ 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 144 رنز کی یادگار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کی جانب سے لیستھ ملنگا نے 4 اور ڈی سلوا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستانی ٹیم اتوار کو پہلا میچ ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گی جب کہ قومی ٹیم کا بھارت کے ساتھ مقابلہ 19 ستمبر کو ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔