پوزیشن ہولڈر طالبہ سے اجتماعی زیادتی میں بھارتی فوجی ملوث نکلا

پوزیشن ہولڈرز طالبہ کو تین ملزمان نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا


ویب ڈیسک September 16, 2018
پوزیشن ہولڈر طالبہ کو انصاف دلانے کے لیے مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ فوٹو : فائل

بھارتی ریاست ہریانہ میں پوزیشن ہولڈر طالبہ کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے والے تین ملزمان میں ایک بھارتی فوج کا اہلکار بھی شامل ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہریانہ کے وزیراعلیٰ منوہر لعل نے انکشاف کیا ہے کہ پوزیشن ہولڈر طالبہ کے ساتھ اجتماعی زیادتی میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار پنکج بھی ملوث ہے جس نے اپنے دو دوستوں نشو اور منیش کے ساتھ مل کر ٹیوب ویل سے منسلک ایک کمرے میں لے جاکر طالبہ کو درندگی کا نشانہ بنایا تھا۔

طالبہ سے اجتماعی زیادتی کی تحقیقات کے لیے قائم کی گئی خصوصی تفتیشی ٹیم کی انچارج نازنین بھاسن نے میڈیا کو بتایا کہ ٹیوب ویل کے مالک کو حراست میں لے لیا گیا ہے جس نے ملزمان کو کمرے کی چابی دی تھی جہاں طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ ملزمان اور زیادتی کا شکار لڑکی ایک دوسرے کو جانتے تھے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : بھارت میں پوزیشن ہولڈر طالبہ کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا

نازنین بھاسن نے مزید بتایا کہ 100 سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ہے جس سے اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ اجتماعی زیادتی میں تین ملزمان ملوث ہیں جن میں سے ایک انڈین آرمی کا اہلکار ہے۔ ملزمان کی تلاش کے لیے مقامی پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے تاہم اب تک ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔

اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی 19 سالہ طالبہ نے دسویں جماعت کے امتحان میں اپنے بورڈ سے ٹاپ کیا تھا جس پر ذہین طالبہ کو بھارتی صدر کی جانب سے انعام سے بھی نوازا گیا تھا۔

مقبول خبریں