کراچی میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا، شہری پریشان

ویب ڈیسک  پير 24 ستمبر 2018
لوڈ شیڈنگ میں اضافہ نیشنل گرڈ سے بجلی کی فراہمی نصف کرنے پر کیا گیا، ذرائع کے الیکٹرک (فوٹو: فائل)

لوڈ شیڈنگ میں اضافہ نیشنل گرڈ سے بجلی کی فراہمی نصف کرنے پر کیا گیا، ذرائع کے الیکٹرک (فوٹو: فائل)

 کراچی: کے الیکٹرک نے شہر قائد میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا جس کے باعث عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کے الیکٹرک نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ مزید 3 گھنٹے تک بڑھادیا اور لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی بجلی کی بندش کا عمل شروع کردیا۔ شہر میں اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا مجموعی دورانیہ 10 گھنٹے تک جاپہنچا ہے۔ گرمی میں بجلی کی بندش کے دورانیے میں غیر اعلانیہ اضافے نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کو قومی گرڈ سے ملنے والی بجلی آدھی کردی گئی ہے جس کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ این ٹی ڈی سی کی جانب سے سپلائی میں کمی کے باعث پیر کے روز کراچی کے کچھ علاقوں میں لوڈ مینجمنٹ کی وجہ سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔

کے الیکٹرک انتظامیہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں مزید کہا ہے کہ صارفین کو لوڈ مینجمنٹ سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے اور تمام جنریشن یونٹس کی پیداوار کو مزید بڑھانے کا عمل یقینی بنایا گیا تاہم صارفین کو پہنچنے والی زحمت پر معذرت خواہ ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔