بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے گریز ہی بہتر ہے

عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے سے ان کے مسائل میں اضافہ ہو جائے گا۔


Editorial September 27, 2018
عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے سے ان کے مسائل میں اضافہ ہو جائے گا۔ فوٹو: فائل

لاہور: وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیرصدارت منگل کو ہونے والے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں بجلی کی قیمتوں میں 4.53 فی یونٹ تک اضافے کے معاملے پر فیصلہ ایک ہفتے (آیندہ اجلاس) تک موخر کر دیا گیا' اجلاس میں پاور ڈویژن اور نیپرا کو ہدایت کی گئی کہ 5سالہ طویل المیعاد اسٹرٹیجی تیار کر کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے جس میں لائن لاسز میں کمی لانے کے لیے بھی سفارشات پیش کی جائیں۔

پاور ڈویژن اور نیپرا کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی ورکنگ میں غریب و متوسط طبقہ پر بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا کم سے کم بوجھ ڈالنے سے متعلق بھی تجاویز دے اور یہ بھی طے کیا گیا کہ گردشی قرضوں کے پرانے واجبات کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں کیا جائے گا' حکومت اپنے وسائل سے قرضہ پورا کرے گی البتہ نئے گردشی قرضوں کو عوام پر منتقل کیا اور اس مسئلے کو بتدریج ختم کر دیا جائے گا۔

صنعتی شعبے کو یکساں نرخوں پر بجلی مہیا کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ پاکستان میں بجلی کا بحران گزشتہ کئی عشروں سے چلا آ رہا ہے جس کے فی الوقت جلد ختم ہونے کے امکانات دکھائی نہیں دے رہے البتہ حکومت اس بحران پر قابو پانے کے لیے ڈیموں کی تعمیر پر توجہ دے رہی ہے تاہم اس کے لیے ایک عرصہ اور خطیر رقم درکار ہے۔

بجلی کی پیداوار تو رہی اپنی جگہ اس کی تقسیم اور ادارہ جاتی معاملات میں جو خامیاں اور کوتاہیاں موجود ہیں ان کے حل کے لیے سوائے بیانات اور ہدایات کے عملی طور پر کچھ نہیں کیا جا رہا۔ لائن لاسز جہاں ایک اہم اور بنیادی مسئلہ ہے وہاں بجلی کی بڑے پیمانے پر چوری سمیت ایسے علاقے بھی موجود ہیں جو بجلی کا بل ہی ادا نہیں کرتے۔ حکومت اگر نظام کو بہتر بنائے اور وہ لوگ جو بجلی کا بل ادا نہیں کر رہے ان سے بھی وصولیاں کی جائیں۔

بجلی چوری کو روکا جائے اور لائن لاسز کو کم از کم سطح پر لایا جائے تو محکمے کی حالت میں بہتری آنے کے ساتھ ساتھ حکومت پر بھی مالی بوجھ میں کمی آئے گی اور گردشی قرضوں کا مسئلہ بھی حل ہونے میں معاونت ملے گی۔

عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے سے ان کے مسائل میں اضافہ ہو جائے گا، بہتر ہے حکومت عوام پر قیمتوں میں اضافے کا بوجھ ڈالنے کے بجائے محکمے کے نظام' سروس ڈیلیوری کی بہتری' ڈسٹری بیوشن نقصانات میں کمی اور ریکوری کو بہتر بنائے تو امید ہے کہ حکومت کو اپنا مالی بوجھ کم کرنے کے لیے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کرنا پڑے گا۔

مقبول خبریں