موسم کی تبدیلی سے شہری جلدی امراض میں مبتلا ہونے لگے

طفیل احمد  جمعرات 18 اکتوبر 2018
نئی کھال نکلنابھی بیماری ہے، جلدی امراض سے محفوظ رہنے کیلیے مچھلی کھانا اور دودھ پینا مفید ہے ،یومیہ 12 گلاس پانی پینالازمی ہے۔ فوٹو: فائل

نئی کھال نکلنابھی بیماری ہے، جلدی امراض سے محفوظ رہنے کیلیے مچھلی کھانا اور دودھ پینا مفید ہے ،یومیہ 12 گلاس پانی پینالازمی ہے۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  پاکستان میں موسم کی تبدیلی کے دوران جلدی امراض تیزی سے جنم لیتے ہیں۔

سرد اورخشک موسم میں جلدی مرض Xerosisi تیزی سے پھیلتا ہے جبکہ PsoriasisاورAtopic کے امراض بھی سر اٹھاتے ہیں، سرد موسم میں جسم پر نئی کھال کا نکلنا بھی جلدی بیماری میں شمار ہوتا ہے، نہانے سے قبل اور بعد میں جسم پر آئل یا ویسلین کا استعمال یومیہ بنیاد پر رکھیں، سرد اور خشک موسم میں جلدی امراض سے محفوظ رہنے کے لیے دودھ، مچھلی اور یومیہ 12 گلاس پانی مفید ہے۔

انسٹی ٹیوٹ آف اسکن ڈیزیزکے چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر قمر اقبال چانڈیو نے بتایاکہ سردموسم میں جلدی امراض تیزی سے سر اٹھاتے ہیں، Xerosisi کا مرض خشک ہوائیں چلنے سے لاحق ہوتا اور زیادہ تر تربچوں وضعیف افراد کو متاثر کرتا ہے اس مرض میں جلدخشک ہوجاتی ہے ،خشکی کی وجہ سے ہاتھ پاؤں اور ٹانگوں کی کھال چٹخنا شروع ہوجاتی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ عام طورسے یہ مرض غذائی کمی کا شکار خواتین اور بچوں کو لاحق ہوتا ہے اس مرض کا شکار افراد کو چاہیے کہ وہ اپنی بھرپور غذا اور پینے کے صاف پانی کا خیال رکھیں ،سرد اور خشک موسم میں یومیہ 12 گلاس پانی پینا لازمی ہے تا کہ جلد کو امراض لاحق نہ ہوسکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔