افغان الیکشن کمیشن پر خود کش حملے میں پولیس اہلکار سمیت 2 افراد ہلاک

انتخابات کے آغاز سے اب تک سیکڑوں افراد، 15 امیدوار اور 5 الیکشن کمیشن اہلکار ہلاک ہوئے ہیں


ویب ڈیسک October 29, 2018
انتخابی عمل کے آغاز سے اب تک الیکشن کمیشن آفس پر چار سے زائد بار حملہ ہو چکا ہے۔ فوٹو : فائل

افغانستان میں الیکشن کمیشن آفس کے نزدیک خود کش دھماکے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 2 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کابل میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر خود کش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار اور ایک شہری ہلاک ہوگئے جب کہ 4 پولیس اہلکار زخمی ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علی الصبح پیدل آنے والے ایک شخص نے الیکشن کمیشن آفس کے مرکزی دروازے پر پولیس اہلکاروں کے نزدیک پہنچ کر خود کو دھماکے سے اُڑا لیا۔ پولیس اہلکار کے ساتھ ایک شہری بھی دھماکے کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔

ترجمان گورنر کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، کسی شدت پسند گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ پولیس نے ملحقہ آبادی میں سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان میں حال ہی میں پارلیمانی اور کونسل کے انتخابات مکمل ہوئے ہیں تاہم انتخابی عمل کے دوران الیکشن کمیشن کے دفتر پر چار سے زائد بار خود کش حملے ہوچکے ہیں جب کہ صرف انتخابات کے دو روز میں 60 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں