فلم ’’روبوٹ‘‘ میں کام کی پیشکش ٹھکرانے والے 3 ناموراداکار

فلم کا سیکوئل رواں ماہ 29 نومبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گا


ویب ڈیسک November 27, 2018
فلم کا سیکوئل رواں ماہ 29 نومبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گا (فوٹو: فائل)

بالی ووڈ کی مشہور فلم 'روبوٹ' میں رجنی کانت اور ایشوریہ سے شاہ رخ خان، کمل ہاسن اور پریٹی زنٹا کو کام کرنے کی پیشکش کی گئی تھی۔

سال 2010ء میں ریلیز ہونے والی تھرلر سے بھرپور سائنس فکشن فلم 'ربوٹ' میں رجنی کانت اور ایشوریہ رائے نے بہترین اداکاری سے شائقین پر سحر سا طاری کردیا تھا لیکن یہ بات بہت ہی کم لوگ جانتے ہوں گے کہ رجنی کانت اور ایشوریہ سے کمل ہاسن، شاہ رخ خان اور پریٹی زنٹا کو اس فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کی ابتدا میں کمل ہاسن اور پریٹی زنٹا ہدایت کار کی پہلی ترجیح تھے تاہم آپس کے کچھ اختلافات کی بنا پر کمل ہاسن نے اس پروجیکٹ کو چھوڑ دیا جس کے بعد ہدایت کار نے اُن کے متبادل شاہ رخ خان کو لانے کا فیصلہ کیا۔

ہدایت کار نے شاہ رخ خان کو اس فلم کی آفر اس وقت کی جب کنگ خان اپنے کیریئر کے عروج پر تھے۔ شاہ رخ نے اسکرپٹ پڑھنے کے بعد اس میں سرخ دائرے بناکر اسکرپٹ میں غلطیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ترامیم کی استدعا کی تھی۔

شاہ رخ خان کا ہدایت کار سے ایک مطالبہ یہ بھی تھا کہ فلم کی گرافکس کا کام ہالی ووڈ کے اسٹین ونسٹن اسٹوڈیو سے کرانے کے بجائے اُن کے اپنے ریڈ چلی پروڈکشن ہاؤس سے کرایا جائے۔ کیوں کہ شاہ رخ کا ماننا تھا کہ اگر وہ گرافکس کا کام اپنے اسٹوڈیو سے نہیں کرائیں گے تو وہ دیگر فلم میکرز کو کیسے اپنے اسٹوڈیو سے کام کرانے پر راضی کریں گے۔

یہ پڑھیں: 2.0 ریلیز سے پہلے ہی 100 کروڑ کلب میں شامل

کنگ خان کے کئی مطالبات کے باعث ہدایت کار مشکل میں آگئے جس کے بعد ہدایت کار کو شاہ رخ کو فلم میں کاسٹ کرنے کا فیصلہ تبدیل کرنا پڑا۔

اسی طرح فلم میں خاتون اداکارہ کا کردار سب سے پہلے ایشوریہ رائے کو آفر ہوا تاہم اداکارہ کے مصروف شیڈول کی وجہ سے اُن کی جگہ پریٹی زنٹا کو کاسٹ کیا گیا لیکن کچھ سال بعد ہی فلم میں ترمیم کرنے کے بعد رجنی کانت کے ساتھ ایشوریہ رائے کو کاسٹ کیا گیا۔ جس کے بعد فلم باکس آفس پر بہترین بزنس کرنے میں کامیاب رہی۔

یہ بھی پڑھیں: 'ٹھگ آف ہندوستان' کے بعد 2.0 بھی ہیکرز کے نشانے پر

واضح رہے کہ فلم کے سیکوئل '2.0' میں رجنی کانت ڈبل رول جب کہ اکشے کمار منفی کردار میں دنیا کو تباہ کرنے کی منصوبہ بندی کرتے نظر آئیں گے یہ فلم رواں ماہ 29 نومبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

مقبول خبریں