ٹیسٹ رینکنگ اظہرکیلیے ٹاپ 10 کا دروازہ دوبارہ کھل گیا

بولرز میں عباس1درجہ خسارے سے چوتھے نمبر پرآگئے، یاسرکا 9واں نمبربرقرار


Sports Desk December 12, 2018
بولرز میں عباس1درجہ خسارے سے چوتھے نمبر پرآگئے، یاسرکا 9واںنمبربرقرار فوٹو : فائل

ISLAMABAD: ٹیسٹ بیٹسمین رینکنگ میں اظہر علی کیلیے ٹاپ 10 کا دروازہ دوبارہ کھل گیا۔

تیسرے میچ کی پہلی اننگز میں سنچری سے اسد شفیق ٹاپ 20 کے دروازے پر دستک دینے لگے، محمد حفیظ کے پانچ روزہ کیریئر کا اختتام 6 درجے تنزلی کے بعد 31 ویں نمبر پر ہوا، بولرز میں محمد عباس بھی ایک درجہ خسارے سے چوتھے نمبر پر آگئے، یاسر شاہ کا نواں درجہ برقرار ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ سے تیسرے ٹیسٹ میں شکست کی وجہ سے رینکنگ میں بھی پاکستانی پلیئرز کیلیے زیادہ اچھی خبریں نہیں ہیں، پہلی باری میں سنچریوں کی بدولت صرف اظہر علی اور اسد شفیق کو معمولی ترقی ملی ہے۔ 2 درجہ بہتری سے اظہر اب دسویں نمبر پر آگئے جبکہ اسد شفیق ایک قدم آگے بڑھ کر 21 ویں پوزیشن سنبھال چکے ہیں۔

آخری میچ کے دوران ہی ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہنے والے محمد حفیظ کو 6 درجے تنزلی کا سامنا کرنا پڑا، اس وجہ سے انھوں نے ٹیسٹ کیریئر کا اختتام بیٹنگ رینکنگ میں 31 ویں نمبر پر کیا۔ حارث سہیل کو 8 درجے تنزلی کی وجہ سے 53 ویں نمبر پر جانا پڑا۔ ٹاپ آرڈر پر موجود ویرات کوہلی کی بادشاہت کیلیے کین ولیمسن نے خطرے کی گھنٹی بجادی جو ایک درجہ بہتری سے دوسری پوزیشن سنبھال چکے ہیں۔

ادھر بولرز میں فٹنس مسائل کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ نہ کھیل پانے والے محمد عباس کو ایک درجہ خسارے نے چوتھے نمبر پر دھکیل دیا۔ یاسر شاہ کا نواں نمبر برقرار ہے، بلال آصف 5 درجہ بہتری سے 58 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔آخری میچ میں ڈیبیو کرنے والے شاہین شاہ آفریدی نے 111 ویں نمبر پر انٹری دی۔ بولرز میں ٹاپ پر کاگیسو ربادا اور دوسرے نمبر پر جیمز اینڈرسن موجود ہیں، محمد عباس کی جگہ تیسری پوزیشن جنوبی افریقہ کے ہی ورنون فلینڈر نے حاصل کی۔ ایشون ایک درجہ بہتری سے چھٹے نمبر پر آگئے۔ آل راؤنڈرز میں ٹاپ پر بدستور شکیب الحسن موجود ہیں۔

مقبول خبریں