آسٹریلوی اور بھارتی پلیئرزکی تیوریوں پر بل پڑنے لگے

ایڈیلیڈ اور پرتھ کے بعد میلبورن ٹیسٹ میں بھی ماحول گرم رہنے کا امکان


Sports Desk December 25, 2018
ویرات کوہلی سے تلخ کلامی میں مزہ آتا ہے،پُرسکون انداز میں قیادت کرتا ہوں، ٹم پین

باکسنگ ڈے ٹیسٹ سے قبل ہی آسٹریلوی و بھارتی کرکٹرز کی تیوریوں پر بل پڑنے لگے،میلبورن میں بھی ماحول گرم رہنے کا امکان ہے۔

میزبان کپتان ٹم پین کہتے ہیں کہ کوہلی کے ساتھ تلخ کلامی میں بھی مزہ آتا ہے، میں پرسکون انداز میں ٹیم کی قیادت زیادہ بہتر کرسکتا ہوں، ادھر ناتھن لیون بھارتی کھلاڑیوں کے اعصاب پرسوار ہوگئے۔ سیریز کے اب تک کے کامیاب ترین بولر سے نمٹنے کی تراکیب سوچی جانے لگیں۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹیسٹ بدھ سے میلبورن میں شروع ہورہا اور اس میں بھی دونوں جانب سے گرماگرمی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، اس سے قبل پرتھ میں بھی دونوں جانب کے کھلاڑی ایک دوسرے سے الجھتے رہے تھے خاص طور پر دونوں کپتانوں ٹم پین اور ویرات کوہلی کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی تھی۔ اس حوالے سے آسٹریلوی قائد پین کہتے ہیں کہ میںاپنے بھارتی ہم منصب کے ساتھ ہونے والی گرما گرمی سے بھی بعض اوقات لطف اٹھاتا ہوں۔ جارحانہ انداز میں کھیلنے کا ان کا یہ اپنا انداز ہے جبکہ میں خود کو پرسکون رکھتے ہوئے ٹیم کی زیادہ بہتر انداز میں قیادت کرتا ہوں۔

ادھر بھارتی کھلاڑیوں کے اعصاب پر اس وقت میزبان اسپنر ناتھن لیون بری طرح سوار ہوچکے ہیں جبکہ اب تک کھیلے گئے دو ٹیسٹ میچز میں سب سے زیادہ 16 وکٹیں صرف 19.43 کی اوسط سے لے چکے ہیں، انھوں نے خاص طور پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو بھی متعدد بار اپنا نشانہ بنایا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان 16 وکٹوں میں سے 9 اس وقت سامنے آئیں جب مہمان کھلاڑیوں نے دفاعی شاٹ کھیلنے کی کوشش کی، یہی چیز بھارتی ٹیم مینجمنٹ کیلیے پریشانی کا باعث بنی ہوئی اور ناتھن لیون کو سنبھل کر کھیلنے کی منصوبہ بندی بھی کی جارہی ہے، خاص طور پر ان کے خلاف سوئپ شاٹس کھیلنے کے آپشن پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

مقبول خبریں