وزیراعلیٰ سندھ کا اسکولوں میں منشیات کی فراہمی کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

اجلاس میں علی رضا عابدی اورچائنیزقونصل خانہ کے کیس کے حالیہ واقع سے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا گیا


ویب ڈیسک January 16, 2019
 شہر میں امن کی مجموعی صورتحال بہتر ہے، آئی جی سندھ: فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اسکولوں میں منشیات کی فراہمی کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں امن امان کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں مشیرِ اطلاعات مرتضیٰ وہاب، آئی جی سندھ، پرنسپل سیکریٹری، سیکریٹری داخلہ، کمشنر کراچی سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں علی رضا عابدی اورچائنیز قونصل خانہ کے کیس سے متعلق معاملات زیرغورآئے، پی ایس ایل اور دیگرایونٹس کے انعقاد کے بارے میں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا جب کہ وزیراعلی کی جانب سے منشیات کے پھیلاو کے خلاف ہر سطح پر آٓپریشن کی ہدایت کی گئی ہے۔

علی رضا عابدی اورچائنیز قونصل خانہ کے کیس پربریفنگ


اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پی ایس ایل اور نیول انٹرنیشنل امن مشقوں کی سکیورٹی فول پروف ہونی چاہیئے، پولیس افسران میڈیا سے بات چیت شروع کرتے ہیں، جو ٹھیک نہیں ہے۔ اجلاس میں علی رضا عابدی اورر چائنیز قونصل خانہ کے کیس کے حالیہ واقع سے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا گیا۔

بائیک اسنیچنگ اوراسٹریٹ کرائم کا کنٹرول


آئی جی سندھ نے کہا کہ شہرمیں بائیک اسنیچنگ اور اسٹریٹ کرائم کو کسی حد تک کنٹرول کیا ہے، ضلع وسطی میں اسٹریٹ کرائم 2018ء میں زیادہ تھے، اب وہاں پر خصوصی اقدامات کئے ہیں، بینک ڈکیتیوں کے تمام کیسز ورک آؤٹ کیے ہیں، ایک گروہ پکڑا ہے جو فیک آرمزلائسنس بناتے تھے اوراس پر اسمگلنگ اور چوری کا اسلحہ استعمال کرتے تھے، گروہ میں جو پولیس اور ضلع آفس کے سہولت کارتھے وہ بھی اٹھائے ہیں جب کہ شہر میں امن کی مجموعی صورتحال بہتر ہے۔

نان کسٹم پیڈ اورجعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کو پکڑنے کا ٹاسک


وزیراعلیٰ سندھ نے نان کسٹم پیڈ اورجعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کو پکڑنے کا ٹاسک پولیس کو دیتے ہوئے کہا کہ بغیر یونیفارم کے کوئی پرائیوٹ گارڈ اسلحہ لیکر نہیں چل سکتا۔

نشہ آوراشیاء کی سپلائی کا سخت آڈٹ کا فیصلہ


وزیراعلیٰ سندھ نے اسکول انتظامیہ کے ساتھ مل کراس کی نگرانی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ اسکول اورکالج میں جو نشہ آور اشیاء سپلائی ہونے کی جوباتیں گردش ہو رہی ہیں اس کا سخت آڈٹ کریں، یہ ہمارے بچے ہیں اور ہمیں انکی حفاظت کرنی ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ نے کہا کہ شہر میں نشہ آور اشیاء سپلائی کرنے والے کی ایک اہم گرفتاری ہوئی ہے جس پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پرائیوٹ سکیورٹی ایجنسیوں کو ہدایت کریں کے وہ اپنے گارڈز کی ویریفکیشن کروائیں۔

دوسری جانب اجلاس کے بعد مشیرِاطلاعات مرتضی وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سندھ حکومت کو گیس کا غبارہ سمجھنے والے پہلے صوبے کی گیس فراہم کردے، سندھ حکومت تمام سازشوں کے باوجود صرف کام کی کوشش کررہی ہے، وفاقی حکومت 90 ارب روپے کی ادائیگی اور پانی کے مسائل حل کرے اور تحریک انصاف کراچی کے بجائے سندھ پیکج کا اعلان کرے۔

مقبول خبریں