آسٹریلیا نے سری لنکا کے سامنے رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا

کینبرا ٹیسٹ کی پہلی اننگز534 پرڈیکلیئرڈ، پیٹرسن کے کیریئرکی پہلی سنچری


Sports Desk February 03, 2019
جوئے برنز نے 180 رنز اسکور کیے،مہمان ٹیم نے123 رنز پر 3 وکٹیں گنوا دیں

دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے سری لنکا کے سامنے رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا میزبان ٹیم نے5 وکٹ پر 534 رنز بناکر پہلی اننگز ڈیکلیئرڈ کردی۔

کرٹس پیٹرسن نے کیریئر کی پہلی سنچری بنا لی، جوئے برنز نے 180 رنز اسکور کیے۔ جواب میں مہمان ٹیم نے دوسرے دن کے اختتام تک 123 رنز پر 3 وکٹیں گنوادیں۔ تفصیلات کے مطابق کینبرا میں جاری ٹیسٹ کے دوسرے روز میزبان آسٹریلیا نے ابر آلود کنڈیشنز میں384 رنز 4 وکٹ سے کھیل کا آغاز کیا،میزبان بیٹسمینوں نے مہمان بولرز کو کسی خاطر میں نہ لاتے ہوئے مزید صرف ایک وکٹ گنوا کر مجموعے کو 534 تک پہنچا دیا، جوئے برنز 180 رنز بنانے کے بعد آخر کار راجیتھا کی گیند پر بولڈ ہوئے، جب کپتان ٹم پین نے 534 رنز 5 وکٹ پر اننگز ڈیکلیئرڈ کی تو کیریئر کا دوسرا ٹیسٹ کھیلنے والے پیٹرسن 114جبکہ وہ خود 45 رنز پر ناقابل شکست تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پیٹرسن کا پہلی ہی گیند پر کیچ ڈراپ ہوگیا تھا جس کے بعد انھوں نے مہمان بولرز کو خود پر قابو پانے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا، وشوا فرنانڈو نے 3 وکٹیں لیں۔ جواب میں دوسرے دن کے اختتام تک سری لنکا نے 123 رنز پر 3 وکٹیں گنوا دیں،اوپنر ڈیموتھ کرونا رتنے (45) گردن پر گیند لگنے کی وجہ سے ریٹائرہرٹ ہوگئے، لاہیرو تھریمانے 41 رنز بناکر ناتھن لیون کی گیند پر عثمان خواجہ کے ہاتھوں کیچ ہوئے، کوشل مینڈس (6) کو پیٹ کمنز نے بولڈ کیا، دنیش چندیمل صرف 15 رنز بناکر اسٹارک کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوئے۔مہمان سائیڈکو خسارے سے نکلنے کیلیے مزید 411 رنز درکار ہیں۔

مقبول خبریں