پاکستان کی تاریخ کا پہلا بوائز میڈیکل کالج قائم

طفیل احمد  بدھ 6 فروری 2019
100نشستوں کیلیے800 امیدوار، الحاق لیاقت میڈیکل یونیورسٹی سے کیا گیا۔ فوٹو:فائل

100نشستوں کیلیے800 امیدوار، الحاق لیاقت میڈیکل یونیورسٹی سے کیا گیا۔ فوٹو:فائل

کراچی: پاکستان کی تاریخ میں ملک کا پہلابوائزمیڈیکل کالج جامشورو میں قائم کردیاگیا جس کا نام بلاول بھٹوبوائز میڈیکل کالج رکھاگیا ہے۔

ملک میں ڈاکٹروں کی شدید قلت کے پیش نظرلڑکوںکے لیے پہلی بار بلاول بھٹو بوائز میڈیکل کالج قائم کردیاگیا جہاں فوری طورپر ایم بی بی ایس کے پہلے بیج میں داخلوں کا عمل شروع کردیاگیا ہے۔

بلاول بھٹو بوائز میڈیکل کالج کا الحاق لیاقت میڈیکل یونیورسٹی (لمس) جامشورو سے کیاگیا ہے جبکہ سندھ گورنمنٹ کے ماتحت چلنے والے ٹی بی اسپتال کو بلاول بھٹو میڈیکل کالج کا ٹیچینگ اسپتال قرار دیاگیا ہے جو 5سو بستروں پر مشتمل ہے۔

مرکزی داخلہ پالیسی کے سربراہ اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق رفیع نے ایکسپریس کو بتایا کہ بلاول بھٹومیڈیکل کالج کے قیام کی درخواست پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی تحلیل کی جانے والی کمیٹی کو موصول ہوئی اوراسی کمیٹی نے بلاول بھٹو بوائز میڈیکل کالج کے قیام کی منظوری بھی دی ہے جس کے بعد 2دن قبل وزارت صحت اسپتال کی جانب سے کالج کے قیام کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا۔

قبل ازیں گزشتہ ہفتے بلاول بھٹو میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس میں داخلوں کے لیے اشہتار بھی جاری کیاگیا تھا ،کالج میں ایم بی بی ایس کی 100سیٹیوں پر 8سو امیدواروں نے درخواستیں دی ہیں۔

پروفیسر طارق رفیع نے بتایا کہ داخلے مرکزی داخلہ پالیسی کے تحت ہی دیے جائیں گے، مذکورہ کالج میں انھی امیدواروں کو داخلے دیے جائیں گے جنھوں نے اس کالج کے لیے درخواستیں دی ہیں۔

پروفیسر طارق رفیع کا کہنا تھا کہ ملک میں ڈاکٹروں کی شدید قلت ہورہی ہے کیونکہ ملک بھر کے میڈیکل کالجوں میں اوپن میرٹ کے تحت ہونے والے داخلوں میں 87فیصد طالبات منتخب ہوتی ہیں جبکہ اوپن میرٹ میں صرف 13 فیصد طلبہ منتخب ہوتے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔