’’مدراس کیفے‘‘ کی تشہیری مہم شروع نرگس فخری نئی فلم میں منفرد کردار نبھانے کیلیے تیار

نئی فلم میں جان ابراہم کے ساتھ نظر آؤں گی ،اپنےکردارسےمطمئن ہوں،تشہیری مہم کےدوران مختلف مراحل میں پرفارم بھی کروں گی


Showbiz Desk July 30, 2013
بچپن سے اردو سیکھ رہی ہوں ،ہندی کی بھی اب روزانہ کلاسیں لے رہی ہوں ،درست تلفظ کی ادائیگی کا ہنر جاننے کیلیے کوشاں رہونگی ،33سالہ بالی وڈ اداکارہ۔ فوٹو: فائل

بالی وڈ اداکارہ نرگس فخری کی نئی پولیٹیکل ایکشن تھرلر فلم ''مدراس کیفے'' کے نئے پروموز جاری کردیے گئے۔

منظرِ عام پر آنے والے دونوں پروموز میں جان ابراہم بحیثیت وکرم سنگھ انڈر کور ایجنٹ اور نرگس فخری بحیثیت بین الاقوامی جنگی نامہ نگار کے کردار کی رونمائی کی گئی ہے۔ ہدایتکار شوجیت سرکار کی فلم میں جان ابراہم بھارتی انٹیلی جنس ایجنٹ جب کہ نرگس فخری ایک انٹرنیشنل رپورٹر کے کردار میں جلوہ گر ہورہی ہیں۔ادھر نرگس فخری نے کہا ہے کہ نئی فلم ''مدراس کیفے ''میں منفرد کردار نبھارہی ہوں ۔انھوں نے بتایا کہ اس فلم کے لیے اردو اور ہندی کے تلفظ کو سیکھنے کی کوشش کرتی رہی ہوں ۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ اردو تو بچپن سے ہی سیکھ رہی ہوں اور ہندی اب روزانہ کی بنیاد پر سیکھ رہی ہوں ۔انھوں نے کہا کہ ہندی فلموں میں کام کرنے کے لیے اردو کا تلفظ درست اداکرنے کا ہنر سیکھنا ضروری ہے یہ کام میں نے امریکا میں ہی شروع کردیا تھا۔

انھوں نے کہا کہ آنیوالی فلم میں گزشتہ فلم کی نسبت زبان کے درست استعمال کے حوالے سے واضح فرق نظر آئے گا ۔اداکارہ نرگس فخری کا کہنا ہے کہ آنیوالی فلم بھی ریلیز کے لیے تیار ہے اس کی تشہیری مہم کا حصہ ہوں ،تشہیری مہم کے دوران مختلف مراحل میں پرفارم کرتی بھی نظر آؤں گی ۔اداکارہ نرگس فخری نے کہا ہے کہ تشہیری مہم کو کامیابی سے چلایا جائے گا ۔انھوں نے کہا کہ ''مدراس کیفے ''میں اپنے کردار سے مطمئن ہوں اور یہ فلم میرے کیرئیر کے لیے اہم موڑ ثابت ہوگی ۔انھوں نے مزید کہا کہ میری یہ دلی خواہش ہے کہ ہندی اور اردو روانی سے بولنے میں مہارت حاصل کرلوں ۔انھوں نے کہا کہ اس حوالے سے میں نے حتی الواسع کوشش کی ہے اور جتنا اس دورانیہ میں ممکن تھا سیکھنے کی کوشش کی ہے ۔انھوں نے کہا کہ ہندی کی کلاسیں صرف ایک سال پہلے ہی لینا شروع کی ہیں ۔تاہم بچپن میں سیکھی گئی اردو اس حوالے بڑی مدد گار ثابت ہورہی ہے اردو بھی بڑی عمدہ زبان ہے اور اسے میں نے بپچن سے ہی شوق سے سیکھنا شروع کیا اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔

انھوں نے کہا کہ اب ہمیشہ کے لیے فلموں میں کام کرنے کا ارادہ ہے کیونکہ میرے پرستار بھی یہی چاہتے ہیں ۔واضح رہے کہ 2011میں بالی وڈ میں قدم رکھنے والی ماڈل و اداکارہ نرگس کی نئی فلم مکمل ہوچکی ۔اداکارہ کی پہلی فلم رنبیر کپور کے ساتھ تھی ۔رواں سال اگست میں ریلیز ہونے والی فلم ''مدراس کیفے'' میں نرگس فخری جان ابراہم کے ساتھ جلوہ گر ہورہی ہیں۔اداکارہ نرگس فخری نے اس فلم میں روٹین سے ہٹ کر کردار نبھایا ہے ۔جان ابراہم نے فلم میں مرکزی کردار اداکیا ہے جب کہ نرگس فخری ان کے مدمقابل لیڈنگ لیڈی رول میں نظر آئیں گی ۔بالی وڈ اداکارہ نرگس فخری نے کہا ہے کہ نئی فلم ''مدراس کیفے'' میں جان ابراہم کے ساتھ کام کرکے بہت اچھا لگا، مافیا کی خوفناک کہانی بھی ہے اور سچے وکھرے لوگوں کی وفا کا درس بھی ملتا ہے۔ اس فلم میں مجھے ایک بین الاقوامی سطح کی ورکنگ جرنلسٹ کے طور پر دکھایا گیا ہے۔



33سالہ اداکارہ نرگس فخری کا کہنا ہے کہ فلم میں جس نوعیت کا کردار مجھے دیا گیا اسے نبھانا کوئی آسان کام نہ تھا، یہ انتہائی مشکل اور چیلنجنگ کردار تھا جس کے لیے مجھے بہت سخت محنت کرنا پڑی ۔اس کردار کو خوبی سے نبھانے کے لیے بڑی تگ ودو اور جستجو کی ہے ۔فلم کی کہانی کو سمجھ کر اپنے کردار کو مثالی انداز میں فلمانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائی ہوں ۔فلم کی کہانی اور کردار کے تال میل کو حقیقت کے قریب تر لانے کے لیے ایسے واقعات پر بھی غور کیا ہے۔ نرگس فخری نے بتایاکہ اس فلم کی شوٹنگز سری لنکا سمیت بھارت کے مختلف مقامات پر کی گئی ۔انھوں نے کہا کہ جان ابراہم نے بھی بہت عمدہ پرفارم کیا ہے۔ فلم میں ہماری جوڑی بھی مثالی ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ ممبئی میں ہونے والی فلم کی شوٹنگ کے موقع پر بھی کہا تھا کہ فلم میں مشکل کردار نبھارہی ہوں اور آج اس کی تکمیل پر بھی یہی کہتی ہوں کہ انتہائی مشکل کردار کو خوبی سے نبھاکر ایک معرکہ مارلیا ہے ۔انھوں نے مزید کہا کہ بالی وڈ کی اداکارائیں مشکل کرداروں کو خوبی سے نبھانے کاہنر جانتی ہیں ۔قبل ازیں فلم 30اگست کو سینما گھروں کی زینت بنانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ جان ابراہم اس فلم کے پروڈیوسر بھی ہیں اور فلم ''وکی ڈونر''کے بعد یہ ان کی دوسری فلم ہے جس کے وہ خود فلمساز بھی ہیں۔ واضح رہے کہ اداکارہ نرگس فخری 20اکتوبر 1979کو نیویارک کے علاقے کوئنز میں پیدا ہوئیں۔ نرگس فخری کی والدہ چیکو سلوواکیہ کی رہنے والی تھیں جب کہ والد کا تعلق پاکستان سے تھا ۔

اداکارہ ابھی چھ برس کی عمر میں ہی پہنچیں تو دونوں میں طلاق ہوگئی ۔اداکارہ سے جب سوال کیا گیا کہ ان کے والد کا تعلق پاکستان سے ہے تو انھوں نے بتایا کہ بے شک والد کا تعلق پاکستان سے ہے مگر میں کبھی پاکستان نہیں گئی ہوں ۔انھوں نے بتایا کہ کھانا پکانے کا بھی شوق ہے اور باقاعدگی سے یوگا کرتی ہوں ۔فخری امریکی شہریت رکھتی ہیں ۔کیرئیر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا اور 2004 سے 2009 کے دوران امریکی کی ٹاپ ماڈلز میں ان کا شمار ہونے لگا ۔پہلی فلم رنبیر کپور کے ساتھ ''راک اسٹار ''کی جس پر انھیں آئیفا ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ۔

مقبول خبریں