یونس ملک نے’’مولا جٹ‘‘ سمیت 30 فلمیں ڈائریکٹ کیں

پہلی فلم ’’جیرا سائیں‘‘ 1977ء میں ڈائریکٹ کی ،اداکارہ نیلی کو متعارف کروایا


Cultural Reporter August 06, 2013
پہلی فلم ’’جیرا سائیں‘‘ 1977ء میں ڈائریکٹ کی ،اداکارہ نیلی کو متعارف کروایا۔ فوٹو: فائل

پنجابی فلموں میں ایک خاص رویے اور انداز فکر کی ابتداء یوں تو 1972ء میں ہدایتکار اسلم ڈار کی باکس آّفس سپرہٹ فلم ''بشیرا'' سے ہوئی لیکن 1979ء میں ہدایتکار یونس ملک کی فلم ''مولا جٹ'' نے اس مخصوص سوچ اور انداز کو مزید تقویت بخشی۔

یونس ملک نے اپنے بائیس سالہ فلمی کیرئیر میں کم وبیش تیس فلمیں بنائی ہیں۔ انھوں نے سب سے پہلے ایک فلم ''جیرا سائیں'' 1977ء میں ڈائریکٹ کی تھی جو کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ 1979ء میں ان کی مشہور اور کامیاب ترین ایکشن فلم ''مولاجٹ'' کی ریلیز اور عظیم الشان کامیابی کے بعد انھوں نے متعدد کامیاب اورقدرے کامیاب یعنی اوسط درجے کی فلمیں بھی بنائیں جن میں ''ضدی جٹ''، ''وحشی گجر''، ''خان اعظم''، ''گوگا شیر''، ''جٹ دا ویر''، ''جگا تے ریشماں''، ''دہشت خان''، ''جٹ ان لندن''، ''دو بیگھ زمین'' ، ''شعلے''، ''امیر خان '' ''آخری جنگ'' ، ''بادل''، ''مولا بخش'' اور ''شیر خان'' شامل ہیں ۔ ''شیر خان'' ان کی مولاجٹ کے بعد دوسری کامیاب فلم تھی جس میں ملکہ ترنم کی سحر انگیز آواز میں یہ نغمہ ''جھانجریاں پہنا دو'' بے حد مشہور ہوا تھا۔



اس فلم کا ٹائیٹل اقبال حسن نے ادا کیا تھا۔ ''آخری جنگ'' میں میں اداکارہ نیلی کو متعارف کروایا۔ ان تمام فلموں میں صرف ایک اردو فلم ''چل سو چل'' تھی۔ شیر خاں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ فلم اردو میں بنائی جارہی تھی جس کے فلمساز آغا جی اے گل تھے اس کا مرکزی کردار محمد علی نے اداکرنا تھا بعدازاں یونس ملک نے اقبال حسن کو لے کر فلم بنائی جب سلطان راہی اور مصطفی قریشی کا طوطی بول رہا تھا اور اقبال حسن تقریبا ثانوی کرداروں تک محدود ہو کر رہ گئے تھے ۔ اس فلم نے کامیابیوں کے نئے ریکارڈ قائم کیے ۔ اس فلم کی بھارت میں ''خطروں کے کھلاڑی'' کے نام سے فلم بنائی گئی تھی جس میں اقبال حسن کا کردار دھرمیندر جب کہ سلطان راہی اور مصطفی قریشی کا کردار سنی دیول اور چنکی پانڈے نے نبھائے تھے ۔ یونس ملک نے بعدازاں شان ، معمر رانا کے ساتھ بھی چند ایک فلمیں بنائیں مگر انھیں کامیابی نہیں مل سکی۔ انھوں نے ''پتر مولے جٹ دا''کے نام سے فلم کا اعلان کیا ہوا ہے۔

مقبول خبریں