رمضان المبارک کی آمد سے قبل مہنگائی میں اضافہ

سبزیوں‘ فروٹ اور ڈیری مصنوعات اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے


Editorial April 29, 2019
سبزیوں‘ فروٹ اور ڈیری مصنوعات اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

عبادات کرنے اور نیکیاں کمانے کے حوالے سے خصوصی اہمیت کے حامل اسلامی مہینے رمضان شریف کی آمد آمد ہے۔ادھر تاجروں اور دکانداروں نے اپنی چھریاں کلہاڑیاں بھی تیز کر لی ہیں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا گراف اوپر کی طرف جاتا دکھائی دینے لگا ہے۔

یہ الگ بات ہے کہ ہم ہر بار یہ کہہ رہے ہوتے ہیں کہ دوسری اقوام اپنے مقدس ایام کے موقع پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ تو کیا الٹا کمی کر دیتی ہیں تاکہ ان کی قوم کے غریب لوگ بھی یہ ایام اطمینان اور بھرپور خوشیوں کے ساتھ منا سکیں لیکن عجیب بات ہے کہ ہمارے تاجروں اور دکانداروں پر اس بار بار کی نصیحت کا کوئی اثر نہیں ہوتا اور چیزوں کی قیمتوں میں کمی تو درکنار کئی گنا اضافہ کر دیا جاتا ہے۔ میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بہت سی ضروری اشیاکی قیمتوں میں ابھی سے اضافہ کر دیا گیا ہے جن میں اشیائے خورنی بطور خاص شامل ہیں۔

سبزیوں' فروٹ اور ڈیری مصنوعات اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ اس ماہ کے دوران پیاز اور آلو کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے اور یہ ابھی رمضان شریف سے پہلے کی صورتحال ہے تو رمضان شریف کے شروع ہونے کے وقت قیمتوں کے نرخ کہاں پہنچیں گے اس کا جگر تھام کر اندازہ ہی لگایا جا سکتا ہے۔ ہمارے تاجروں اور دکانداروں کو اس بات کا بھی احساس رکھنا چاہیے کہ ان کی خیرسگالی کے جذبات اس مقدس مہینے میں ثواب کے ساتھ مالی منفعت بھی ساتھ لے کر آئیں گے جب کہ بے حسی سے قیمتیں بڑھا کر غریب عوام کو اذیت میں مبتلا کرنے کا نتیجہ بھی اسی اعتبار سے منفی برآمد ہو گا۔

مقبول خبریں