ڈکیتی کا معمہ حل سیلز مین نے غبن کا اعتراف کر لیا

8 لاکھ 75 ہزار روپے خورد برد کر کے ڈکیتی کا جھوٹا ڈرامہ رچایاگیا


Nama Nigar August 30, 2013
تفتیشی ٹیم کے انچارج کے مطابق دوران تفتیش سیلزمین نے اعتراف کیا کہ وہ کئی ماہ سے سگریٹ ایجنسی کے پیسے ذاتی استعمال میں لے رہا تھا.

KARACHI: سگریٹ ایجنسی کے سیلز مین کو لوٹنے کا معمہ حل ہو گیا، ڈکیتی سرے سے ہوئی ہی نہیں، دوران تفتیش سیلزمین نے رقم غبن کرنے اور ڈکیتی کا جھوٹا ڈرامہ رچانے کا اعتراف کرلیا، ٹنڈو محمد خان پولیس۔

تفصیلات کے مطابق 18 اگست کو سگریٹ ایجنسی کے سیلزمین تیجو ٹھاکر نے ڈیلر عبدالحمیدغازی پورہ کو بتایا کہ وہ مارکیٹ میں سگریٹ فروخت کر کے آرہا تھا کہ جمن شاہ روڈ پر موٹر سائیکلوں پر سوار 4 مسلح افراد نے اسے زدوکوب کیا اور8 لاکھ 75 ہزار روپے چھین لیے، مذکورہ ڈیلر نے پولیس کو اطلاع دی۔ ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان ذوالفقار مہر نے معاملے کی تحقیقات کے لیے ایس ایچ او شمس کھوکھر اور ڈی آئی بی انچارج سہیل احمد قریشی اور شیر زمان پر مشتمل خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی، جنہوں نے تفتیش کا آغاز سیلزمین سے ہی کیا۔



تفتیشی ٹیم کے انچارج کے مطابق دوران تفتیش سیلزمین نے اعتراف کیا کہ وہ کئی ماہ سے سگریٹ ایجنسی کے پیسے ذاتی استعمال میں لے رہا تھا اور مالک کو بتا رہا تھا کہ پیسے دکانداروں کی طرف بقایا ہیں اور جب یہ رقم لاکھوں میں ہوگئی تو اس نے ڈکیتی کا جھوٹا ڈرامہ رچایا، وقوعہ کے روز اسے مارکیٹ سے اتنی رقم ملی ہی نہیں تھی۔ پولیس کے مطابق اس بات کا اعتراف سیلزمین نے سگریٹ ایجنسی کے مالک کے سامنے بھی کرلیا ہے اور اسے ایک ہفتے میں غبن کی گئی رقم واپس کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ اگر ملزم نے ایک ہفتے میں رقم ادا نہ کی تو اس کے خلاف دھوکا دہی اور غبن کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔

مقبول خبریں