بزنس کمیونٹی کی ہر شہری کواسلحہ لائسنس جاری کرنے کی تجویز

بدامنی سنگین مسئلہ ہے، سیاسی جماعتیں چاہیں توامن قائم کرنا مشکل نہیں، سراج تیلی


Business Reporter September 01, 2013
کراچی کے تمام سیاسی و غیر سیاسی اسٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کر کے کراچی کے امن کو بحال کی جائے، بزنس کمیونٹی۔ فوٹو فائل

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور آرٹس کونسل آف پاکستان نے پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر حقیقی اور مثبت تصویر کشی اور پاکستان کو پرامن اورابھرتی ہوئی معیشت کے طور پرپوری دنیا میں اجاگر کرنے کا عزم کیا ہے۔

آرٹس کونسل آف پاکستان کے وفد نے صدر احمد شاہ کی قیادت میں آفس بیررز اور ارکین منیجنگ کمیٹی کے ہمراہ کراچی چیمبر کا دورہ کیا اورچیئرمین بزنس مین گروپ سراج قاسم تیلی اور قائم مقام صدر کراچی چیمبر شمیم اے فرپو کے ساتھ ملاقات کی۔ چیئرمین سراج قاسم تیلی کی زیر صدرات اجلاس میں کراچی چیمبر اور آرٹس کونسل کے صدور نے پاکستان کے وسیع تر مفاد میں مشترکہ کاوشوں کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر آرٹس کونسل آف پاکستان کے صدر احمد شاہ نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اور بزنس مین گروپ کی قیادت بالخصوص چیئرمین سراج قاسم تیلی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اہم اسٹیک ہولڈر ہونے کے ناطے کراچی بالخصوص بزنس و انڈسٹریل کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلیے جو انھوں نے خدمات انجام دی ہیں، قابل تحسین و ستائش ہیں۔

انھوں نے کہاکہ آرٹس کونسل کے انتخابات میں ان کے گروپ کی حمایت کیلیے بھی سراج قاسم تیلی کے مشکور ہیں اور آئندہ بھی تعاون و حمایت کے طلب گار رہیں گے۔ بزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی نے اس موقع پر کہا کہ صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کو کراچی چیمبر کے ہر ممکن تعاون کی یقین دھانی کرائی۔ انھوں نے کہا کہ بدامنی اس وقت کراچی کا سب سے سنگین مسئلہ ہے جس کے لیے وہ حکومت سے گزشتہ کئی سال سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ کراچی کے تمام سیاسی و غیر سیاسی اسٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کر کے کراچی کے امن کو بحال کی جائے، کراچی میں مینڈیٹ رکھنے والی سیاسی جماعتیں چاہیں تو کراچی پر امن ہو جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ کئی فورمز پر انھوں نے ہر شہری کواپنی حفاظت کیلیے لائسنس یافتہ اسلحہ رکھنے حکومتی اجازت کی بھی تجویز دی جو جرائم پیشہ عناصر کی حوصلہ شکنی کا باعث ہو گی۔



انھوں نے کہا کہ معاشرے میں بگاڑ بڑھتا جارہا ہے مگر وہ پرامید ہیں کہ آئندہ چند سال میں تبدیلی آئے گی اور بددیانت عناصر اپنے منطقی انجام تک پہنچیں گے اور ایماندار اور اہل لوگ ابھر کر سامنے آئیں گے۔ انھوں نے کہا کہ آرٹس کونسل کے ممبران اپنی حفاظت کیلیے اسلحہ لائسنس کے حصول میں معاونت کیلیے کراچی چیمبر سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ مزید اگر کسی کو ئی بدامنی و مجرمانہ سرگرمی کا سامنا ہو یا پولیس رابطے کیلیے یا مدد کیلیے پولیس چیمبر لائژن کمیٹی جو 24گھنٹے چیمبر میں کام کرتی ہے رابطہ کر سکتے ہیں۔

قائم مقام صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شمیم اے فرپونے کہا کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی چیمبر کی طرح پاکستان کا معروف ادارہ ہے جو دانشوروں، لکھاریوں، ادیبوں اور فنون لطیفہ سے منسلک لوگوں کی نمائندگی کرتا ہے۔کراچی چیمبر اور آرٹس کونسل کی مشترکہ کاوشوں سے پاکستان کا دنیا بھر میں مثبت اور پر امن امیج اجاگر کیا جا سکتا ہے۔ چیمبر کے نائب صدر ناصر محمود کے علاوہ ارکین منیجنگ کمیٹی نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کیا۔ آرٹس کونسل آف پاکستان کے صدر احمد شاہ نے چیئرمین بزنس مین گروپ سراج قاسم تیلی اور قائم مقام صدر شمیم اے فرپو کو آگاہ کیا کہ کراچی کے شہریوں کی طرح ان کے ممبران بھی کراچی میں بد امنی اور جرائم پیشہ عناصر کی مجرمانہ سرگرمیوں کا شکار ہیں۔

آرٹسٹوں اور فنون لطیفہ سے وابستہ لوگوں کو بھی بھتے کی پرچیاں اور دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں۔ اغوا برائے تاوان کی وارداتوں کا بھی سامنا ہے۔ انھوں نے سراج قاسم تیلی کو اس ضمن مدد کے لیے حکومت وقت کو ان کے احساسات کی ترجمانی کی درخواست کی۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت طاقتور اور بدمعاش عناصر کی اجارہ داری ہے جس نے شہریوں کے انسانی حقوق سلب کر لیے ہیں۔کراچی چیمبر اور آرٹس کونسل آف پاکستان کو قریب لانے اور دونوں اداروں کے درمیان فعال باہمی ربط قائم کرنے کے لیے انھوں نے قائم مقام صدر شمیم فرپو کی خدمات اور کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

مقبول خبریں