آئی سی سی کا ’ ہیوی ویٹ بیلز‘ کو بدلنے سے انکار

اے ایف پی  بدھ 12 جون 2019
ورلڈ کرکٹ گورننگ باڈی نے ورلڈ کپ اسٹارز کے مطالبے کو بھی نظرانداز کردیا
 فوٹو:فائل

ورلڈ کرکٹ گورننگ باڈی نے ورلڈ کپ اسٹارز کے مطالبے کو بھی نظرانداز کردیا فوٹو:فائل

 لندن:  آئی سی سی نے ’ہیوی ویٹ بیلز‘ کو تبدیل کرنے سے صاف انکار کردیا۔

ورلڈ کپ میں بھاری بھرکم بیلز کی وجہ سے تنازع جنم لینے لگا ہے، اب تک 5 سے زائد مرتبہ گیند اسٹمپس پر لگنے کے باوجود بیلز نہ گرنے کے واقعات رونما ہوچکے جس کی وجہ سے بولنگ ٹیم کو اہم مواقع پر شدید مایوسی کا بھی سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے میگا ایونٹ میں شریک اسٹار پلیئرز نے بھی آئی سی سی سے اس مسئلے کا حل نکالنے کا مطالبہ کیا ہے تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اسے نظر انداز کرتے ہوئے بیلز میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کا امکان رد کردیا ہے۔

اتوار کو کھیلے گئے میچ میں ڈیوڈ وارنر ان سائیڈ ایج کے باوجود بیلز نہ گرنے کی وجہ سے میدان بدر ہونے سے محفوظ رہے تھے۔ جس پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے بھی اس کو غیرمنصفانہ قرار دیا تھا۔

میگا ایونٹ میں زنگ بیلز استعمال ہورہی ہیں جن میں ایل ای ڈی لائٹس فکس ہیں جوکہ گیند وکٹ پر ہٹ کرنے کی صورت میں جگمگانے لگتی ہیں، کوہلی کے علاوہ آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ بھی ان بیلز پر سوال اٹھاچکے جبکہ سابق انگلش کپتان مائیکل وان اور ناصر حسین نے تو یہاں تک کہہ دیا ہے کہ اس تنازع سے ٹورنامنٹ کی خوبصورتی بھی ماند پڑسکتی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا اس بارے میں کہنا ہے کہ گذشتہ 4 برس سے اسٹمپس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے، یہی اسٹمپس 2015 کے ورلڈ کپ سے نہ صرف تمام آئی سی سی ایونٹس بلکہ کئی ڈومیسٹک ایونٹس میں بھی استعمال ہورہی ہیں، اب تک یہ ایک ہزار سے زائد میچز میں استعمال ہوچکی ہیں، یہ معاملہ ہمیشہ ہی گیم کا حصہ رہا ہے اور اسے قبول کرنا چاہیے، آپ کو بیٹسمین کا قلعہ ڈھانے کیلیے کچھ قوت صرف کرنے کی ضرورت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔