خبردار! اسپرین کا بلا ضرورت استعمال نقصان دہ ہوسکتا ہے

ویب ڈیسک  اتوار 28 جولائی 2019
بلاضرورت اسپرین کے استعمال سے آپ کی جان کو بھی خطرہ ہوسکتا ہے۔ (فوٹو: فائل)

بلاضرورت اسپرین کے استعمال سے آپ کی جان کو بھی خطرہ ہوسکتا ہے۔ (فوٹو: فائل)

شاید ہی کوئی ایسا گھر ہو جہاں دردِ سر کی سب سے عام دوا ’’اسپرین‘‘ موجود نہ ہو۔ کئی گھرانوں میں اسپرین روزانہ ’’بس ایسے ہی‘‘ کھائی جاتی ہے۔ لیکن ایک حالیہ اور وسیع مطالعے کے بعد ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اسپرین کا بلاضرورت استعمال فائدے کے بجائے نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔

اس مطالعے کی بنیاد پر امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن (اے ایچ اے) اور امریکن کالج آف کارڈیالوجی (اے سی سی) نے بھی اپنی ہیلتھ گائیڈ لائنز میں ترمیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کوئی بھی شخص جو دل کا مریض نہ ہو، اسے اسپرین صرف اپنے ڈاکٹر کے مشورے سے استعمال کرنی چاہیے۔

علاوہ ازیں، وہ لوگ جنہیں دل کی کوئی بیماری لاحق ہو لیکن ساتھ ہی ساتھ ان میں جریانِ خون (bleeding) کا خطرہ بھی ہو، انہیں اسپرین کے استعمال میں خصوصی احتیاط برتنی چاہیے اور اپنے ڈاکٹر کے مشورے سے ہی اسپرین کی خوراک لینی چاہیے۔ مزید تفصیلات کے مطابق، دل کے وہ مریض جو 40 سال سے کم عمر ہیں – اور 70 سال سے زائد عمر کے وہ بزرگ بھی جنہیں دل کی کوئی بیماری لاحق نہیں – ان سب کو چاہیے کہ صرف ڈاکٹر سے مشورہ کرنے کے بعد ہی اسپرین استعمال کریں۔

واضح رہے کہ ماضی میں کیے گئے مختلف مطالعات میں اسپرین کے اتنے زیادہ فوائد سامنے آچکے ہیں کہ یہ ہر گھر میں موجود ’’لازمی دواؤں‘‘ میں شامل ہوچکی ہے۔ البتہ گزشتہ چند سال سے اسپرین لینے والے افراد میں صحت کے مسائل سامنے آنے لگے تھے جن کے بعد نئے سرے سے تحقیق کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی۔

تازہ تحقیق بوسٹن کے ہارورڈ میڈیکل اسکول اور بیتھ اسرائیل ڈیکونیس میڈیکل سینٹر کے ماہرین نے مشترکہ طور پر انجام دی ہے جبکہ اس کے نتائج ’’اینلز آف انٹرنل میڈیسن‘‘ نامی ریسرچ جرنل کے تازہ شمارے میں شائع ہوئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔