عظمی بخاری سمیت ن لیگ کے 150 کارکنوں کیخلاف پولیس پرحملے کا مقدمہ درج

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 اگست 2019
احتساب عدالت لاہور میں مریم نواز کی پیشی پر کارکنوں اور پولیس میں تصادم ہوا تھا۔ فوٹو:فائل

احتساب عدالت لاہور میں مریم نواز کی پیشی پر کارکنوں اور پولیس میں تصادم ہوا تھا۔ فوٹو:فائل

 لاہور: پولیس نے عظمی بخاری سمیت ن لیگ کے 150 کارکنوں اور رہنماؤں کیخلاف توڑ پھوڑ اور کارسرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کرلیا۔

احتساب عدالت لاہور میں مریم نواز کی پیشی پر گزشتہ روز کارکنوں اور پولیس میں تصادم ہوا تھا۔ اسلام پورہ پولیس نے 8 نامزد اور 150 نامعلوم افراد کےخلاف مقدمہ درج کرلیا جس میں توڑ پھوڑ، کارسرکار میں مداخلت سمیت نقص امن کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر میں عظمی بخاری، توصیف شاہ اور مہرمحمود احمد کے نام شامل ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے سکیورٹی پر مامور اہلکاروں پر تشدد کیا، سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اور پولیس پر پتھراؤ کیا۔ ملزمان کے پتھراؤ سے کانسٹیبل نثار کو سر پر پتھرلگنے سے گہری چوٹ آئی۔

لیگی رہنماؤں سمیت کارکنوں کے خلاف مقدمے کا اندراج سب انسپکٹر دلشاد کی مدعیت میں کیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز احتساب عدالت لاہور میں مریم نواز کی پیشی کے دوران کارکنوں اور پولیس میں جھڑپ ہوئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔