جرمنی نے شام کو 360 ٹن کیمیائی مواد برآمد کرنے کا اعتراف کر لیا

1998 سے2011 تک برآمدکیے جانے والے مواد سے کیمیائی ہتھیار بنائے جا سکتے تھے تاہم اس کے شواہد نہیں ملے، جرمنی


AFP September 30, 2013
بشار الاسد کی حامی افواج پر حکومت مخالف مظاہرین پر 21 اگست کو کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کاالزام عائد کیا گیا ہے۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

جرمنی کی حکومت نے شام کو کیمیائی مواد کی فراہمی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام کو سال 1998 سے 2011 تک شام کو360 ٹن کیمیائی مواد فراہم کیا جسے سول اور فوجی استعمال میں لایا جا سکتا تھا۔


جرمنی کی وزارت معاشیات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جرمنی کی کمپنیوں نے شام کو 1998 سے 2011 کے درمیان 360 ٹن کیمیائی مواد فراہم کیا جسے سول اور فوجی استعمال میں لایا جا سکتا تھا تاہم شام کو فراہم کئے جانے والے کیمیائی مواد کو اسلحے کی تیاری میں استعمال ہونے کے شواہد نہیں ملے ہیں۔ جرمن حکام کا دعوی ہے کہ شام کو برآمد کیا جانے والا کیمیائی مواد نجی صنعتوں نے سول مقاصد کے لئے استعمال کیا۔


جرمنی کی جانب سے کیمیائی مواد فراہم کرنے والی کمپنیوں کے نام نہیں بتائے گئے تاہم یہ کہا گیا ہے کہ مئی 2011 میں شام پر لگنے والی معاشی پابندیوں کے بعد سے شام کو ہر قسم کی بر آمدات روک دی گئی تھیں۔


واضح رہے کہ شام پر امریکا اور جرمنی سمیت بیشتر یورپی ممالک نے الزام عائد کیا تھا کہ بشار الاسد کی حامی افواج نے حکومت مخالف مظاہرین پر 21 اگست کو کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا جس میں خواتین اور بچوں سمیت 1400 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔

مقبول خبریں