شہید پولیس اہلکار کا بھائی بھی مقابلے میں شہید ہوا

والد گھر کے واحد کفیل تھے،دیگر بھائی تعلیم حاصل کررہے ہیں، بیٹے محسن کی گفتگو


Staff Reporter October 01, 2013
اہلکار رجب علی اپنے بیٹے کو پولیس میں ملازمت دلوانے کا خواب پورا نہیں کرسکا۔ فوٹو : فائل

سائٹ ایریا میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے 59 سالہ پولیس اہلکار رجب علی کا اپنے بیٹے کو پولیس میں ملازمت دلوانے کا خواب تعبیر حاصل نہ کرسکا ۔

شہید گھر کا واحد کفیل تھا ، شہید کا ایک بھائی بھی 8 ماہ قبل ڈاکوؤں سے بہادری کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوگیا تھا ، تفصیلات کے مطابق سائٹ ایریا میں ہفتہ کی شب فائر اسٹیشن کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 59 سالہ پولیس اہلکار رجب علی شہید ہوگیا تھا ، مقتول نیو سعید آباد سیکٹر 9-D کا رہائشی تھا ، مقتول کی رہائش گاہ پر اس کے بیٹے سید محسن علی نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے والد رجب علی اسے اپنی طرح پولیس میں ہی ملازمت دلوانے کے خواہش مند تھے۔



لیکن قدرت نے انھیں اتنی مہلت ہی نہیں دی ، محسن کا کہنا تھا کہ وہ4بھائی ہیں جبکہ اس کے والد گھر کے واحد کفیل تھے ، اسے خود اب تک کوئی ملازمت نہیں مل سکی جبکہ دیگر بھائی ابھی تعلیم حاصل کررہے ہیں ، محسن نے کہا کہ والد کی شہادت کے بعد اب گھر کی کفالت کی ذمے داری ان کے کاندھوں پر ہے۔

لیکن کوئی ملازمت نہ ہونے کے باعث وہ انتہائی پریشان ہیں ، چھوٹے بھائیوں کے تعلیمی اخراجات پورے کرنا ان کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے ، انھوں نے مزید بتایا کہ ان کے ایک چچا محمد علی حسین بھی پولیس میں تھے اور 8 ماہ قبل سٹی کورٹ کے قریب ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران شہید ہوگئے تھے ، محسن کا کہنا تھا کہ ان کے خاندان کے زیادہ تر افراد محکمہ پولیس میں برسوں سے خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ ان کے ایک اور چچا کو بھی کئی برس قبل آرام باغ کے علاقے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا۔

مقبول خبریں