قائد اعظم ٹرافی سیکنڈ الیون بہاولپور میں بولرز کا راج 18 وکٹیں گر گئیں

بلوچستان 109رنز پر ڈھیر، بابرذوالفقارکے6 شکار، سدرن پنجاب کی دوسری اننگز101 تک محدود


Sports Desk September 22, 2019
بلوچستان 109رنز پر ڈھیر، بابرذوالفقارکے6 شکار، سدرن پنجاب کی دوسری اننگز101 تک محدود،جلات نے بھی 6 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا فوٹو: فائل

قائد اعظم ٹرافی سیکنڈ الیون میچز کے دوسرے دن بہاولپور میں بولرز کا راج قائم ہوگیا۔

مجموعی طور پر18 وکٹیں گریں، بلوچستان کی ٹیم جوابی اننگز میں 109 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بابرذوالفقار نے 6 شکار کیے، پہلی اننگز میں 208 رنز جوڑنے والی سدرن پنجاب کی ٹیم دوسری کاوش میں 101رنز پر ہمت ہارگئی، جلات خان نے بھی 6 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا۔

پہلی اننگز میں 109 رنز کا خسارہ پانے والی بلوچستان کی ٹیم کو 211 کا ہدف ملا تاہم دن کااختتام ہونے تک اس نے بغیر نقصان 5 رنز بنالیے، اتوار کو تیسرے اورآخری دن بلوچستان کو مزید 206 رنز درکار جبکہ سدرن پنجاب کو 10 وکٹیں اپنے نام کرنا ہوگی۔نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں بھی دوسرے دن 14 وکٹیں گرگئیں، میزبان سندھ کی ٹیم 138رنز پر ہمت ہارگئی، 92 رنز کی برتری پانے والی خیبرپختونخوا کی ٹیم نے 6 وکٹ پر 159 رنز بناکر مجموعی سبقت کو251رنز تک پہنچادیا، میرپورآزاد جموں وکشمیر میں سینٹرل پنجاب اور ناردرن کی ٹیموں کے درمیان بارش سے متاثرہ میچ ڈرا کی جانب گامزن ہے۔

تفصیلات کے مطابق قائد اعظم ٹرافی سیکنڈ الیون کے جاری مقابلوں کے دوسرے دن ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپورمیں سدرن پنجاب کیخلاف بلوچستان کوآخری دن 206 رنز درکار ہوں گے جبکہ ان کی ابھی تمام وکٹیں باقی ہیں، 211 کا ہدف پانے والی ٹیم نے دوسرے دن کے اختتام تک 3 اوورز میں بغیر نقصان 5 رنزبنالیے،اسامہ رزاق 4 رنز بناکر وکٹ پر موجود ہیں جبکہ دوسرے اینڈ پر موجود اوپنرشہزاد ترین نے ابھی کھاتہ نہیں کھولا، اس سے قبل دوسرے دن بلوچستان نے جوابی اننگز کو 2 وکٹ18رنز سے آگے بڑھایا لیکن پوری ٹیم 109 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بلوچستان کے صرف 4 بیٹسمین ڈبل فیگرمیں داخل ہوسکے۔

پہلے راؤنڈ میں 10کھلاڑیوں کوٹھکانے لگانے والے سدرن پنجاب کے مینٹور اور تجربہ کار اسپنر ذوالفقار بابر نے دوسرے راؤنڈ کی پہلی اننگز میں بھی 6 شکارکیے، ذوالفقار بابر نے 18 اوورز میں 45 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں، بلوچستان کیلیے محمد جنید نے سب سے زیادہ 29 رنز بنائے، دوسری اننگز میں سدرن پنجاب کی بیٹنگ لائن اپ بھی بہترکھیل کا مظاہرہ نہ کرسکی اور پوری ٹیم 101 رنزپر ڈھیر ہوگئی لیکن پہلی اننگز میں 109رنز کی برتری ملنے کی وجہ سے ان کی مجموعی سبقت 210رنز ہوگئی، سلمان علی آغا 25 رنز بناکر نمایاں رہے، بلوچستان کی جانب سے جلات خان نے 6 جبکہ اختر شاہ اور محمد جنید نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں بھی دوسرے دن 14 وکٹیں گرگئیں، میزبان سندھ کی ٹیم نے جوابی اننگز کو2 وکٹ 11رنز سے جاری کیا لیکن ان کی بیٹنگ لائن کے پی کے 230رنز تک پہنچنے میں ناکام رہی اورپوری ٹیم 40.4 اوورز میں 138رنز پر ہمت ہارگئی۔

سیف اللہ بنگش 36 اورسعد خان 34 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، خالد عثمان نے 41رنز کے عوض4 وکٹیں لیں، 92 رنز کی برتری پانے والی خیبرپختونخوا کی ٹیم نے 6 وکٹ پر 159 رنز بناکر مجموعی سبقت کو251تک پہنچادیا، اعتزاز حبیب خان 212 گیندوں پر 71 رنز بناکر نمایاں رہے، ان کی اننگز میں 5 چوکے اور4 چھکے شامل رہے۔

میرپورآزاد جموں وکشمیر میں سینٹرل پنجاب اور ناردرن کی ٹیموں کے درمیان بارش سے متاثرہ میچ ڈرا کی جانب گامزن ہے، میزبان ٹیم ناردرن نے86رنز 2 وکٹ سے کھیل جاری کیا، مڈل آرڈر بیٹسمین شعیب احمد کے ناقابل شکست 106 رنز کی بدولت ٹیم نے6 وکٹ پر299 رنز بناکر اننگز ڈیکلیئرڈ کردی، محمد علی نے 3 کھلاڑیوں کومیدان بدر کیا، سینٹرل پنجاب نے پہلی اننگز میں 2 وکٹ پر 103رنز جوڑلیے، علی زریاب 34 اورعلی وقاص 18رنزبناکروکٹ پرہیں، دونوں کھلاڑیوں کو سلمان ارشاد نے آؤٹ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں