پیس کپ فٹبال پاکستان نے چائنیز تائپے کو زیر کرلیا

دوسرے ہاف میں بھی گرین شرٹس کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل سے حریف سائیڈ کو مسلسل دباؤ میں رکھا


Sports Reporter October 14, 2013
میچ کا واحد گول کپتان ذیشان رحمان نے 7 ویں منٹ میں داغا، کل فلپائن سے مقابلہ ہوگا۔ فوٹو: فائل

پیس کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں پاکستان نے چائنیز تائپے کو 1-0 سے شکست دے دی، میچ کا فیصلہ کن گول کپتان ذیشان رحمان نے کھیل کے 7 ویں منٹ میں داغا۔

تفصیلات کے مطابق فلپائن کے شہر باسلوڈ میں جاری ایونٹ میں میزبان ملک، پاکستان اور چائنیز تائپے کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ایونٹ کے افتتاحی مقابلے میں فلپائن کو چائنیز تائپے کے ہاتھوں2-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، اتوار کو پاکستان اور چائینز تائپے کے مابین میچ کھیلا گیا جس میں گرین شرٹس نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1-0 سے کامیابی حاصل کی، میچ کے آغاز سے ہی پاکستان کا پلڑا بھاری رہا ،7 ویں منٹ میں کپتان ذیشان رحمان نے لمبے فاصلے سے شاندار کک کے ساتھ گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو برتری دلادی، پہلے ہاف کا اختتام اسی اسکور پر ہوا۔



دوسرے ہاف میں بھی گرین شرٹس کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل سے حریف سائیڈ کو مسلسل دبائو میں رکھا لیکن حریف ٹیم کے دفاعی کھلاڑی حملوں کو ناکام بناتے رہے، میچ کے آخری لمحات میں بھی پاکستان کو برتری کو دگنا کرنے کے کئی مواقع ملے مگر فارورڈز گیند کو جال میں پہنچانے میں ناکام رہے۔ مقابلے کا اختتام 1-0سے پاکستان کی برتری کے ساتھ ہوا۔ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستانی ٹیم 3 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، چائنیز تائپے نے 2 میچ کھیل کر اتنے ہی پوائنٹس حاصل کررکھے ہیں اور دوسرے نمبر پر ہے، میزبان اور دفاعی چیمپئن فلپائن کی ٹیم تیسری پوزیشن پر ہے۔ ایونٹ کی فاتح ٹیم کا فیصلہ بھی پوائنٹس کی بنیاد پر ہی ہونا ہے،گرین شرٹس کا منگل کو فلپائن کیخلاف میچ برابر بھی رہا تو پیس کپ پاکستان کے نام ہوجائے گا۔

مقبول خبریں