سپریم کورٹ کی ہدایت پربلدیاتی الیکشن کیلیے تیارہیں قائم علی شاہ

ینی سرمایہ کاروں نے کراچی ، حیدرآباد میں بائیو گیس سے توانائی منصوبے لگانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے


Staff Reporter October 29, 2013
کراچی:وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں۔ فوٹو : اے پی پی

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کو اندھیروںسے نکالیں گے،چین کے مختلف اہم سرمایہ کاروں کوصوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔

سندھ حکومت انھیں تحفظ بھی فراہم کرے گی ،وفاقی حکومت گڈانی میں تعمیر ہونے والے پاورپروجیکٹ کے لیے کوئلہ تھر سے استعمال کرے، سندھ میں وفاقی حکومت کے باعث توانائی منصوبے شروع ہونے میں تاخیر ہو رہی ہے ،سندھ میں توانائی منصوبے شرو ع ہونے سے روزگارکے مواقع بھی بڑھیں گے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کراچی میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیرصدارت ایک اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے مختلف امور پر غور و غوض کیا گیا اور سپریم کورٹ کی دی گئی تاریخ سے قبل تمام متعلقہ افسران کو انتظامات مکمل کرنے کے ٹاسک کا جائزہ بھی لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے تیار ہے اور اس حوالے سے مقررہ تاریخ تک تمام انتظامات مکمل کیے جائیں گے۔پریس کانفرنس میں وزیراعلیٰ سندھ نے صحافیوں کواپنے ایک ہفتے کے دورے چین کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ انھوں نے چین کی حکومت کے دعوت پر ویسٹرن چائنا انٹرنیشنل فیئر میں شرکت کی جہاں دنیا کے 72ممالک کے نمائندے بھی شریک تھے۔



انھوں نے کہا کہ دورہ چین کے دوران مختلف ممالک سے سندھ میں سرمایہ کاری کے حوالے سے گفتگوکی اور انھیں صوبے میں سرمایہ کاری کے لیے کہا ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ چین کے شہرشیندو اور بیجنگ میں کمیونسٹ پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کی اور انھیں سندھ میں خصوصاً توانائی اور زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کو کہا، جس پر چین کے سرمایہ کاروں نے رضا مندی ظاہرکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ شیندو کے گورنر وی آنگ کو سندھ کے دورے کی دعوت بھی دی ہے جوانھوں نے قبول کر لی ہے اور دسمبر میں ممکنہ طور پر وہ سندھ کا دورہ کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں نے کراچی ، حیدرآباد میں بائیو گیس سے توانائی منصوبے لگانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگانے پر بھی بات ہوئی ہے کیونکہ ہوا کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے 18ماہ سے 2 سال میں تیار ہوجاتے ہیں ۔

مقبول خبریں