پاکستان کی فائرنگ سے ہمارا فوجی مارا گیا بھارت ڈی جی ایم اوز کا پھر رابطہ

جوابی کارروائی کرنے کے بجائے ہاٹ لائن پر پاکستانی فوج کے حکام سے رابطہ کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا ہے،ترجمان بھارتی فوج


Numainda Express/News Agencies October 29, 2013
پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کا ایل او سی پر کشیدگی کم کرنے پر اتفاق،بعض واقعات پر تحفظات کا اظہار، فوٹو: اے ایف پی/ فائل

بھارتی فوج نے الزام لگایا ہے کہ ایل او سی پر پاکستان کی فائرنگ سے ایک بھارتی فوجی ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا۔

بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی فوج نے الزام لگایا ہے کہ پاکستان رات بھر لائن آف کنٹرول پر گولہ باری کرتا رہا جس کے باعث اڑی سیکٹر میں صوبیدار پرکاش چندر ہلاک اور دوسرا فوجی زخمی ہو گیا۔ اے ایف پی کے مطابق بھارتی فوج کے ترجمان نریش وگ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے رات 12 بجے کے بعد اوڑی سیکٹر میں ہونیوالی فائرنگ میں ہمارا ایک جونئیر کمیشنڈ افسر مارا گیا ہے، فوجی کی ہلاکت کے بعد ہم نے جوابی کارروائی کی بجائے ہاٹ لائن پر پاکستانی فوج کے حکام سے رابطہ کر کے سیز فائر کی خلاف ورزی پر احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔



واضح رہے کہ اتوار کو دونوں افواج کے افسران میں ٹیلفونک رابطہ ہوا تھا جس میں کشیدگی کم کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ یاد رہے دونوں ممالک ایکدوسرے پر 2003ء میں طے پانیوالے سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے رہے ہیں۔

بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ ہفتے کہا تھاکہ گزشتہ ماہ کے دوران ہماری 50سرحدی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت نے گزشتہ بدھ کے روز فائرنگ کر کے رینجرز اہلکار اور دو عام شہریوں کو ہلاک اور 26شہریوں کو زخمی کیا۔ این این آئی،آئی این پی کے مطابق پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں ایل او سی پر کشیدگی کم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

مقبول خبریں