ساؤتھ ایشین گیمز، پاکستان نے 6 گولڈ میڈلز جیت لیے

 منگل 3 دسمبر 2019
پاکستانی ایتھلیٹس 11 سلور اور 15 برانز میڈلز بھی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)

پاکستانی ایتھلیٹس 11 سلور اور 15 برانز میڈلز بھی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)

کھٹمنڈو: نیپال میں جاری ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹس کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان کے گولڈ میڈلز کی تعداد 6 ہوگئی۔

ایونٹ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستان نے اب تک کراٹے میں تین ، شوٹنگ میں دو اور تائیکواونڈو میں ایک گولڈ میڈل جیتا ہے جب کہ سعدی عباس نے مائنس 75 کلو گرام میں سونے کا تمغہ لے کر پاکستان کا نام روشن کیا۔

شوٹنگ کے پچاس میٹر ٹیم رائفل کیٹگری میں گلفام عادل، سونیئگ جاوید اور ذیشان شاکر پر مشتمل ٹیم نے پہلی پوزیشن پاکر ملکی پرچم بلند کیا۔ اس سے پہلے کے ٹیم شوٹنگ ایونٹ میں پاکستان نے شوٹنگ کے سینٹر فائر پسٹل ایونٹ میں قومی شوٹر نے گولڈ میڈل بھی اپنے نام کیا۔

سینٹر فائر پسٹل ٹیم ایونٹ میں پاکستان کو گولڈ میڈل دلانے والوں میں خلیل اختر،غلام مصطفی بشیر اور مقبول تبسم شامل تھے۔شاہ زیب نے تائیکواونڈ و کے چون کلوگرام میں گولڈ میڈل اپنے گلے میں ڈالا۔

دریں اثنا ایونٹ میں اب تک پاکستانی ایتھلیٹس 11 سلور اور 15 برانز میڈلز بھی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔