ایم سی سی پریونٹیو کی اسمگلنگ کے خلاف نئی مہم

85 لاکھ 39 ہزار317 روپے مالیت کی مختلف غیرملکی مصنوعات اور ایرانی ڈیزل ضبط


Business Reporter November 03, 2013
ایل ای ڈی ٹی وی سیٹس،نئے وپرانے ٹائرز،انجنز،سی این جی سلنڈرز،آٹوپارٹس بھی شامل فوٹو: فائل

ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ پریونٹیو کراچی نے اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن اور پاکستان رینجرز کے تعاون سے انسداد اسمگلنگ کی ایک نئی مہم کا آغاز کردیا ہے۔

اس مہم کا مقصد غیرملکی اشیا اور ایرانی پٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ پرمنظم انداز میں قابو پانا ہے، کلکٹرکسٹمز اپریزمنٹ طارق ہدیٰ کی ہدایت پر شروع کی گئی اس مہم کے تحت یکم نومبر 2013 کو 85 لاکھ39 ہزار317 روپے مالیت کی مختلف غیرملکی مصنوعات اور ایرانی ڈیزل ضبط کیا گیا ہے۔ کسٹمز ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی پٹرولیم مصنوعات اور دیگر غیرملکی اشیا کی ایک بڑی مقدار آرسی ڈی ہائی وے کے راستے مسافربسوں کے ذریعے کراچی لائی جاتی ہیں اور حالیہ انسداد اسمگلنگ مہم کے دوران کسٹمز حکام اورمہم میں معاونت کرنے والے دیگر اداروں کو جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے زبردست مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔



کیونکہ جرائم پیشہ عناصر نے ہجوم کی شکل میں پکڑی گئی اسمگل شدہ اشیا زبردستی لے جانے کی کوششیں کیں تاہم رینجرز کے جوانوں نے انتہائی خوش اسلوبی کے ساتھ مزاحمت پر قابو پایا۔ کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ مہم کے تحت ابتدائی طور پر41 لاکھ52 ہزار روپے مالیت کے89 ایل ای ڈی ٹی وی سیٹس، 6.74 لاکھ روپے مالیت کے نئے 41 ٹائرز، 70 سی این جی سلنڈرز، 450 پرانے ٹائرز، 30 انجنز، 2 ہینو اور2 ڈیلیکش کیبنز، آٹوپارٹس کی ایک بڑی مقدار پلاسٹک اسکریپ اور ایسیسریزکے علاوہ ایرانی ڈیزل کی ایک بڑی مقدار ضبط کرلی گئی۔

مقبول خبریں