کراچی ٹارگٹ کلنگ جاری ڈاکٹروں و سیاسی کارکن سمیت مزید10جاں بحق

زینت اسکوائر شریف آباد میں دکان پر فائرنگ ، 3افراد مارے گئے، 2زخمی، گلشن اقبال بلاک 4 میں نوجوان ذوالجناح سمیت قتل


Staff Reporter November 05, 2013
ڈاکٹر نسیم عباس پی ای سی ایچ ایس میں نشانہ بنے، اورنگی ٹاؤن ڈبہ موڑ کے قریب متحدہ کے کارکن کی ٹارگٹ کلنگ .فوٹو: فائل

شہر میں فائرنگ کے واقعات میں2 ڈاکٹر اور متحدہ کے کارکن سمیت10افراد جاں بحق ہو گئے۔ شہر میں پولیس اور رینجرز کے متواتر آپریشن اور قیام امن کے دعووں کی قلعی کھل گئی اور پیر کو بھی شہر میں ٹارگٹ کلرز راج کرتے دکھائی دیے۔

تفصیلات کے مطابق شریف آباد تھانے کی حدود ایف سی ایریا زینت اسکوائر میں واقع فینسی ٹیلر شاپ پر2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 نامعلوم مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی اورفرار ہوگئے، فائرنگ کے نتیجے میں2 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ3 افراد زخمی ہو گئے جنھیں فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ایک اور زخمی دوران علاج زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت42سالہ ندیم رضا ولد ذوالفقار حیدر، 30 سالہ شعیب ولد محمد یاسین اور20 سالہ محسن ولد محمد سلیم کے نام سے ہوئی ہے۔

جبکہ زخمیوں میں سہیل ولد علی حسن اورعمران ولد مختار شامل ہیں۔ مقتولندیم رضا فینسی ٹیلر شاپ کا مالک، ایف سی ایریاF-21/7 کا رہائشی اور3بچوں کا باپ تھا جبکہ شعیب اورنگی ٹائون سیکٹر11کا رہائشی تھا اور اپنے دوست ندیم سے ملنے آیا ہوا تھا۔ مقتول محسن زینت اسکوائر کا رہائشی تھا اوراس کی زینت اسکوائر میں ہی الشہباز موبائل بیلنس کارنر کے نام سے دکان تھی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے۔ گلشن اقبال بلاک4-A میں نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا جس کی لاش بلاک4 میں واقع پٹیل اسپتال لے جائی گئی جہاں مقتول کی شناخت22 سالہ سبحان ولد پرویزکے نام سے کرلی گئی۔ مقتولL/162گلشن اقبال بلاک 4کا رہائشی تھا۔



ایس پی گلشن اقبال مقدس حیدر نے بتایا کہ مقتول سبحان ذوالجناح (گھوڑے ) کو چہل قدمی کرانے کے لیے گھر سے نکلا ہی تھا گھر سے کچھ فاصلے پر گھات لگائے نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سبحان ہلاک ہوگیا۔ملزمان کی فائرنگ سے ذوالجناح (گھوڑا) بھی ہلاک ہو گیا ۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد مشتعل افراد نے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر ہنگامہ آرائی کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے صورتحال کو کنٹرول کر لیا۔ فیروز آباد تھانے کی حدود پی ای سی ایچ ایس بلاک2 میں واقعے علامہ اقبال روڈ روڈ لیبرٹی چوک کے قریب کار کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو ہلاک کردیا۔ مقتول کی شناخت42 سالہ ڈاکٹر نسیم عباس ولد راجن شاہ کے نام سے کر لی گئی ۔

جو کمرشل ایریا فلیٹ نمبر140/Cلذیزہ چاٹ ہائوس کے قریب لبرٹی کے رہائشی تھا ۔ مقتول ہل پارک اسپتال اور دیگر اسپتالوں میں چیسٹ اسپیشلسٹ کے طور پر اپنی خد مات انجام دیا کرتے تھے،اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود اورنگی ٹائون ساڑھے 8 ڈبہ موڑ کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے متحدہ قومی موومنٹ یونٹ118 کے کا رکن25 سالہ جنید عرف منصور ولد معصوم کو ہلاک کردیا۔ مقتول اورنگی ٹائون ڈبل روڈ شاہ ولی اﷲ نگر کا رہائشی اور فیکٹری میں ملازم تھا۔ ایس ایچ او اقبال مارکیٹ تصدق وارث نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول منصور اپنے دوست وسیم کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ تعاقب میں آنے والے ملزمان نے اسے ٹارگٹ کیا۔ منگھوپیر تھانے کی حدود گرم چشمہ کے قریب فائرنگ سے 45 سالہ شیر علی ولد قلب حسین ہلاک ہوگیا۔

مقتول بلدیہ عظمیٰ کے جذام اسپتال میں ٹیکنیشن تھا۔ موچکو تھانے کی حدود مواچھ گوٹھ وچھانی محلہ میں کچرا کنڈی سے ایک شخص کی ہاتھ پائوں بندھی لاش ملی جس کی شناخت 22 سالہ عبدالرسول عبد امام بخش کے نام سے کر لی گئی ہے جو فقیر کالونی کا رہائشی تھا۔دریں اثناشہر میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف مشتعل افراد نے نمائش چورنگی اور انچولی شاہراہ پاکستان پر احتجاج کرتے ہوئے فرقہ واریت میں ملوث دہشت گردوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ کلاکوٹ کے علاقے آٹھ چوک نزد مکران ہوٹل کے قریب موٹر سائیکل پر سوار ملزمان نے اپنے ہمراہ لائے جانے والے مغوی کو سر پر گولی مار کر ہلاک کر دیا، 25سالہ مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔ نیپئر کے علاقے محبوب شاہ روڈ لی مارکیٹ کے قریب سے 28 سالہ نامعلوم شخص ملا جسے نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد ہاتھ پاؤں باندھنے اور آنکھوں پر پٹی باندھ کر سر پر 2 گولیاں مار کر پھینک دیا تھا،پولیس نے موقع پر پہنچ کر اسے فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال پہنچایا جہاں وہ دم توڑ گیا۔

مقبول خبریں