شدید سردی کے باعث اسکولوں کی چھٹیوں میں مزید اضافہ

محکمہ تعلیم کا 12 جنوری تک اسکولوں کی مزید چھٹیوں کا اعلان


ویب ڈیسک January 06, 2020
آل پاکستان پرائیویٹ اسکولزمینجمنٹ ایسوسی ایشن نے مزید چھٹیوں کا فیصلہ مسترد کردیا

پنجاب اور آزادکشمیر میں اسکول کھلنے کے ایک دن بعد شدید سردی کے باعث مزید ایک ہفتے کی چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا۔

پنجاب بھر میں تعطیلات ختم ہونے کے بعد آج اسکولز کھلے لیکن سردی کی وجہ سے بچوں کی حاضری متاثر رہی۔ موسم کی صورت حال کے پیش نظر محکمہ تعلیم پنجاب نے اسکولوں کی چھٹیاں 12 جنوری 2020 تک بڑھانے کا اعلان کردیا۔

صوبائی وزیر مراد راس نے کہا کہ پنجاب بھر میں کل سے تمام نجی و سرکاری اسکولز بند رہیں گے اور 13 جنوری پیر سے کھلیں گے۔چھٹیوں میں اضافے کا نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

ادھر آزادکشمیر میں بھی موسم سرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد اسکولز آج کھلناتھے لیکن اب 13 جنوری سے تدریسی عمل کا آغاز ہوگا۔ وزیراعظم آزادکشمیر کی ہدایات پر تمام سرکاری و غیر سرکاری اسکولزمیں تعطیلات بڑھا دی گئیں۔

دوسری جانب کراچی سمیت سندھ بھر میں تعطیلات ختم ہونے کے بعد اسکول کھل گئے اور تدریسی عمل کا بھی آغاز ہوگیا جبکہ سردی بھی کم ہوگئی ہے۔

چھٹیوں کا فیصلہ مسترد

آل پاکستان پرائیویٹ اسکولزمینجمنٹ ایسوسی ایشن نے مزید چھٹیوں کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے تدریسی نظام تباہ ہوجائے گا اور اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج کر رہے ہیں، اضافی چھٹیوں سے بورڈ امتحانات میں طلبہ کے فیل ہونے کی شرح بڑھ جائےگی۔

مقبول خبریں