کوئٹہ:
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملوں کا مؤثر ردعمل دینے پر پاک فوج کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی دہشت گرد اور اس کے سہولت کار کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا اور سخت کارروائی کی جائے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے آج کوئٹہ کا دورہ کیا اور اس موقع پر انہیں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورت حال اور اندرونی سلامتی کے جاری آپریشنز پر جامع بریفنگ دی گئی۔
بیان میں بتایا گیا کہ بریفنگ میں بھارتی پشت پناہی سے سرگرم بین الاقوامی سطح پر نامزد دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان کی جانب سے کیے گئے حالیہ دہشت گردی کے حملوں اور سیکیورٹی فورسز کے بروقت اور مؤثر جارحانہ ردعمل پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔
فیلڈ مارشل کو بتایا گیا کہ مؤثر ردعمل کے نتیجے میں دشمن کے بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے گئے، اس موقع پر ریاستی رٹ کو مزید مضبوط بنانے، عوام اور اہم تنصیبات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ کسی بھی دہشت گرد اور اس کے سہولت کار کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا، تمام عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی جواز کے تحت تشدد اور دہشت گردی کو درست قرار نہیں دیا جا سکتا۔
فیلڈ مارشل نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے وطن دشمن سازشوں کو ناکام بنانے اور امن و امان برقرار رکھنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
بعد ازاں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) کوئٹہ کا دورہ کیا اور انہوں نے پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے زخمی اہلکاروں سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فیلڈ مارشل نے زخمی جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہا اور مادر وطن کے دفاع میں ان کی جرات، استقامت اور ثابت قدمی کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس سے قبل کور کمانڈر کوئٹہ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کوئٹہ پہنچنے پر استقبال کیا۔