ایم سی سی نے 4 روزہ ٹیسٹ کی تجویز کو مسترد کردیا

کرکٹ کی سینئر طرز کو 5 دن کے فارمیٹ میں ہی کھیلتے رہنا چاہیے،اعلامیہ


Sports Desk January 15, 2020
کرکٹ کی سینئر طرز کو 5 دن کے فارمیٹ میں ہی کھیلتے رہنا چاہیے،اعلامیہ

LONDON: ایم سی سی نے بھی 4 روزہ ٹیسٹ تجویز کو مکمل طور پر مسترد کردیا، کرکٹ قوانین کے سرپرست کلب کا کہنا ہے کہ سینئر طرز کو 5 روزہ فارمیٹ میں ہی کھیلتے رہنا چاہیے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے 2023 سے شروع ہونے والے اگلے دوارنیے میں 4 روزہ ٹیسٹ کو لازمی قرار دینے کی تجویز سامنے آئی ہے،اس کا مارچ میں کرکٹ کمیٹی جائزہ لے گی تاہم دنیا بھر کے موجودہ اور سابق کرکٹرز سینئر فارمیٹ کے میچ کو مختصر کرنے کی مخالفت کرچکے، اب کرکٹ قوانین کے سرپرست کلب ایم سی سی نے بھی اس تجویز کو مکمل طور پر مسترد کردیا ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیاکہ ہم نے ٹیسٹ کرکٹ کے مستقبل کے حوالے سے حالیہ کچھ عرصے میں جاری بحث کا نوٹس لیا ہے۔ ہم آئی سی سی کی 2023 سے ٹیسٹ چیمپئن شپ میں موجودہ 5 کے بجائے 4 روزہ میچ شامل کرنے کی خواہش سے بھی آگاہ ہیں، حال ہی میں ایم سی سی کرکٹ کمیٹی اورورلڈ کرکٹ کمیٹی نے بھی اس ایشو کا جائزہ لیا،اگرچہ انھیں 4 روزہ ٹیسٹ کے کچھ فوائد بھی دکھائی دیے مگر دونوں کمیٹیز اس بات پر یقین رکھتی ہیں کہ ٹیسٹ کرکٹ کو موجودہ 5 روزہ فارمیٹ میں ہی آگے بڑھنا چاہیے۔

یاد رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ 5 روزہ فارمیٹ میں 1979 سے کھیلی جا رہی ہے، اس دوران تاریخ کے کچھ انتہائی بہترین مقابلوں کا اختتام آخری روز ہوا۔ آئی سی سی نے 2017 میں ہی 4 روزہ ٹیسٹ کا پرمٹ جاری کردیا تھا جب جنوبی افریقہ نے زمبابوے کی میزبانی کی، انگلینڈ گذشتہ برس جولائی میں لارڈز میں آئرلینڈ کے خلاف4 روزہ ٹیسٹ کھیل چکا ہے۔ فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن (فیکا) بھی 4 روزہ ٹیسٹ کی مخالفت کرچکی ہے۔

مقبول خبریں