سندھ اور پنجاب میں کاغذات نامزدگی آج بھی جمع کرائے جاسکیں گے

الیکشن کمیشن نے ایک روز کی توسیع کا اعلان کردیا، پی سی ایس آئی آر نے مقناطیسی سیاہی کی تیاری کیلیے 4 ماہ مانگ لیے


News Agencies/Numaindgan Express November 13, 2013
بلدیاتی انتخابات 7 دسمبر تک کرانا ممکن نہیں، پنجاب حکومت نئے رولز نہیں بنا سکی، الیکشن کمیشن پنجاب کا موقف۔ فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی الیکشن کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مدت ایک روزبڑھادی ہے اور امیدوار آج بھی صبح 8 سے شام 4 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔

اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، ریٹرننگ افسروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ 13 نومبر کو کاغذات نامزدگی جمع کرانیوالے امیدواروں کی الگ فہرست مرتب کی جائے اور ان کیخلاف اعتراضات کیلیے اس فہرست کو اپنے دفاتر کے باہر چسپاں کریں جبکہ دیگر تمام کام پہلے سے جاری شیڈول کے مطابق انجام دیے جائیں، نمائندہ خصوصی کے مطابق لاہور میں بلدیاتی الیکشن لڑنے کے خواہش مند افراد گزشتہ روز ریٹرننگ افسران کے دفاترز پر امڈ آئے، کم عملہ اور الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹرز لسٹیں نہ ہونے کی وجہ سے ریٹرننگ افسران کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ مانیٹرنگ ڈیسک کے مطاق پی سی ایس آئی آر نے بلدیاتی انتخابات میں استعمال ہونے والی مقناطیسی سیاہی کی تیاری کے لیے 4 ماہ کا وقت مانگ لیا ہے ، الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے لیے ایک ماہ میں مقناطیسی سیاہی کے صرف 6لاکھ پیڈ تیار ہو سکتے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کو کم از کم 22 لاکھ پیڈ درکار ہیں۔



الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ پنجاب میں 7 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کرانا ان کے لیے ممکن نہیں رہا ٗ حکومت نئے رولزبنا سکی ہے اور نہ ہی مقررہ وقت پر بیلٹ پیپرز کی چھپائی ممکن ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن ذرائع نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے پہلے غیر جماعتی اور پھر ہائی کورٹ کے حکم سے جماعتی بنیادوں پر انتخابات کرانے کے لیے آرڈیننس جاری کیا۔ پھر اس میں 3 ترامیم بھی کر ڈالیں۔ منگل کوکاغذات نامزدگی جمع کرانے کاآخری روز تھاتاہم الیکشن کمیشن نے آخری لمحات میں ایک دن کی توسیع کااعلان کردیا ،کاغٓذات نامزدگی جمع کرانے سے محروم رہ جانیوالے امیدواروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ کوئٹہ سے نمائندے کے مطابق بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کیلیے صرف کوئٹہ میں992کاغذات نامزدگی داخل کیے گئے تھے جن میں سے 852 منظور ہوئے جبکہ 140 مسترد کردیے گئے ۔

مقبول خبریں