لوٹ مار گاڑیاں چوری اور چھیننے کی وارداتیں 40 فیصد بڑھ گئیں

جنوری کے دوران 2789 موٹر سائیکلیں چوری یا چھینی گئیں


Staff Reporter February 10, 2020
جنوری کے دوران 2789 موٹر سائیکلیں چوری یا چھینی گئیں

شہر میں لوٹ مار، ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم ، کار اور بائیک لفٹنگ کی وارداتیں دن بدن بڑھ رہی ہیں۔

سال 2020 میں موبائل فون، موٹر سائیکل اورکار لفٹنگ اور چوری کی وارداتیں زور پکڑنے لگیں، سال کے پہلے ماہ میں سب سے زیادہ موٹرسائیکلیں چوری اور چھیننے کی یومیہ 90 وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں جو گزشتہ جنوری کے مقابلے میں 40 فیصد سے زائد ہیں، شہر قائد میں ڈاکو راج قائم ہوگیا ہے پولیس کی نام نہاد کارروائیوں جرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی کے دعوؤں کے باوجود شہر میں جرائم کی شرح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔

سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی کی جرائم کے حوالے رواں سال کے پہلے مہینے کی رپورٹ نے چشم کشا حقائق پیش کردیے اور پولیس کے نام نہاد دعوؤں کی قلعی کھول دی، سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی (سی پی ایل سی) نے رواں سال کے پہلے مہینے جنوری کی رپورٹ جاری کردی ہے رپورٹ کے مطابق موبائل فون، کار اور موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کی وارداتوں میں گزشتہ سال کی نسبت تشویش ناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جنوری کے31 دنوں میں شہر کے مختلف علاقوں سے 2 ہزار 789 موٹرسائیکلیں چوری یا چھینی گئیں جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد ایک ہزار966 تھی، اسی طرح موبائل فون کی چھینا جھپٹی کی وارداتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا رواں سال جنوری میں1912 شہریوں کو لٹیروں نے موبائل فون سے محروم کیا جبکہ گزشتہ سال کے پہلے ماہ میں 1427 افراد کے موبائل چھینے گئے تھے۔

رواں سال جنوری کے دوران شہر سے گاڑیاں چوری یا چھیننے کی191 وارداتیں ریکارڈ کی گئیں جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ تعداد 135 تھی، سی پی ایل سی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں جنوری 2020 میں اغوا برائے تاوان اور بینک ڈکیتی کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا جبکہ گزشتہ سال اغوا برائے تاوان کے 4 واقعات کے مقابلے میں رواں سال جنوری میں ہی اغوا برائے تاوان کے 2 واقعات سامنے آچکے ہیں۔

مقبول خبریں