اعصام الحق نے امریکا میں قومی پرچم سربلند کردیا

اسپورٹس رپورٹر  منگل 18 فروری 2020
نیویارک ٹینس کے ڈبلز ٹائٹل پر قبضہ، مزید 2سال کھیلنے کا عزم۔ فوٹو: فائل

نیویارک ٹینس کے ڈبلز ٹائٹل پر قبضہ، مزید 2سال کھیلنے کا عزم۔ فوٹو: فائل

 لاہور: اعصام الحق نے امریکا میں قومی پرچم سربلند کر دیا،ٹینس اسٹار نیویارک اوپن ٹینس کی ڈبلز ٹرافی پر قبضہ جمانے میں کامیاب ہو گئے۔

اعصام الحق نے نیویارک اوپن ٹینس کا ڈبلز ایونٹ جیت لیا، اے پی ٹی ٹورنامنٹ میں پاکستانی اسٹار اپنے برطانوی پارٹنر ڈومنیک اگلوٹ کے ہمراہ کورٹ میں اترے، دونوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جانسن اور اوپیلکا پر مشتمل امریکی جوڑی کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دی، اعصام الحق اور ڈومنیک اگلوٹ نے پہلے سیٹ میں سخت مقابلے کے بعد7-6 سے برتری ثابت کی، دوسرے میں بھی اس مارجن سے حریفوں کی مزاحمت کچلتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

یاد رہے کہ اعصام الحق کا اپنے نئے پارٹنر ڈومنیک اگلوٹ کے ہمراہ یہ پہلا ٹائٹل ہے،پاکستانی اسٹار نے برطانوی کھلاڑی کے ساتھ تال میل کو بہترین قرار دیتے ہوئے مستقبل میں بھی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ نئے جوڑی دار ڈومنیک کے ساتھ میرا اچھا کمبی نیشن بن گیا،ہم دونوں ایک دوسرے کے کھیل اور مزاج کو سمجھ رہے ہیں،آگے چل کر کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی، اب ہماری نگاہیں لندن اوپن ٹینس پر مرکوز ہیں۔

ایک سوال پر39سالہ اعصام الحق نے کہا کہ میں ابھی مکمل فٹ اور اچھی کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہوں،انھوں نے جڑواں برائن برادران کو مثال دیتے ہوئے کہا کہ دونوں 41سال کی عمر میں بھی بھرپور پرفارم کررہے ہیں، میرے خیال میں میری بھی ابھی 2یا 3سال کی ٹینس باقی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔