کمل ہاسن کی دوسری بیٹی اکشرا نے بھی بالی ووڈ میں قدم رکھ دیا

اکشرا کے ساتھ فلم میں امیتابھ بچن اور اداکار دھنوش بھی مرکزی کردار ادا کریں گے۔


Showbiz Desk November 23, 2013
پہلی فلم میں ہی لیجنڈ اداکاربگ بی کے ساتھ کام کرنا اعزاز ہے ،بالی ووڈ میں اپنے قدم جمانے میں کامیاب ہوجائوں گی، اکشرا۔ فوٹو: فائل

بالی ووڈ کے ہدایتکار و اداکار کمل ہاسن کی دوسری بیٹی اکشرا نے بھی بالی ووڈ میں انٹری دے دی۔

وہ اداکار دھنوش کے ساتھ ہدایتکار آر بالکی جن کا پورا نام آر بالا کرشن ہے، کی فلم میں کام کریں گی۔ بالی وڈ میں کافی عرصہ سے آر بالکی کی نئی فلم اور اس کی کاسٹ کے متعلق چہ مگوئیاں جاری تھیں اور وہ اس سلسلہ میں مکمل طور پر خاموش تھے۔اب اطلاعات ہیں کہ انھوں نے اپنی آنے والی فلم میں جس کا ابھی تک نام فائنل نہیں کیا گیاہے، میں بالی وڈاور تامل فلموں کے ہدایتکار اور اداکار کمل ہاسن کی دوسری بیٹی اکشرا ہاسن کو اداکار دھنش کے مقابل ہیروئن کے کردار کے لیے کاسٹ کرلیا ہے۔آربالکی کاکہنا ہے کہ اس فلم میں امیتابھ بچن بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ اس فلم میں لوگ دھنوش کو لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کے ساتھ بہترین جوڑی کے طور پر دیکھیں گے۔ اکشرا ہاسن نے آر بالکی کی فلم میں کام کرنے کی تصدیق کرتے ہوا کہا ہے کہ میں اس سلسلہ میں بہت بے چین ہوں اور اس منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچتے دیکھنا چاہتی ہوں۔

اکشرا کاکہنا ہے کہ میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ مجھے پہلی فلم میں ہی لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل رہا ہے اور امید ہے کہ میں اپنی پہلی فلم سے ہی بالی وڈ میں اپنے قدم جمانے میں کامیاب ہوجائوں گی۔ادھر فلم ''رانجھنا''سے بالی ووڈ میں کامیاب انٹری دینے والے تامل اداکار دھنوش نے ٹویٹر پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں آر بالکی کی ہندی فلم میں کام کررہا ہوں اور میں اس کے متعلق بہت بے چین ہوں کیونکہ اس فلم میں مجھ امیتابھ بچن کے ساتھ ساتھ عظیم موسیقار کے ساتھ بھی سینما اسکرین پر نمودار ہونے کا موقع مل رہاہے۔ امیتابھ بچن نے بھی کہا کہ آربالکی ایک اچھوتی کہانی پر فلم بنا رہے ہیں اور میں اس فلم کا حصہ ہوں جب کہ میرے ساتھ دھنوش اور کمل ہاسن کی بیٹی اکشرا بھی مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ان کاکہنا تھا یہ میری آر بالکی کے ساتھ ''پا'' اور ''چینی کم'' کے بعد تیسری فلم ہوگی۔



اطلاعات کے مطابق فلم کا میوزک تامل موسیقار للیہ راجہ ترتیب دیں گے جب کہ فلم کی شوٹنگز 2014ء کے پہلے ہاف میں شروع ہوں گی اور اسے اسی برس سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔ واضح رہے کہ اکشرا ہاسن 12 اکتوبر 1991ء کو چنائی میں لیجنڈ اداکار و ہدایتکار کمل ہاسن اور ساریکا کے گھر پیداہوئی۔ اس کی بڑی بہن شروتی ہاسن ایک گلوکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ تالی ووڈ ، کالی ووڈ اور بالی ووڈ کی کامیاب اداکارہ ہیں جب کہ اکشرا خود بھی ڈانس میں مہارت رکھتی ہیں۔ اکشرا والدہ کے ساتھ زیادہ تعلق کی وجہ سے ان کے ساتھ چنائی میں ہی رہی اور حال ہی میں ماڈلنگ اور بالی ووڈ میں بطور اداکارہ قدم رکھنے کے لیے ممبئی منتقل ہوئیں جہاں وہ اپنی بڑی بہن کے قریب ہی ایک اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اکشرا کو بچپن ہی میں کئی فلموں میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کی پیشکشیں ہوئیں مگر والدین نے اس کی تعلیم کی وجہ سے اسے فلموں میں کام کرنے کی اجازت نہیں دی۔

والد کے کام کے سلسلہ میں زیادہ تر گھر سے باہر رہنے کی وجہ سے وہ زیادہ تر اپنی والدہ کے ساتھ اٹیچ رہی اور گھر پی ہی اداکاری کے ابتدائی اسرار و رموز سیکھے۔ اکشرا جب 18سال کی ہوئی تو اس کے انکل ہدایتکار مانی رتنم نے اسے اپنی ایک فلم مین مرکزی کردار کرنے کی پیشکش مگر چند وجوہات کی بنا پر اسے اس فلم میں کام کرنے کی اجازت نہیں مل سکی۔ اکشرا اس وقت بالی وڈ میں آمد کے لیے اداکاری کی کلاسز میں حصہ لے رہی ہے۔ بالی وڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ اکشرا کو جس طرح بالی ووڈ میں اپنی پہلی ہی فلم میں مایہ ناز اداکار امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ یہ اس کے لیے بہت بڑی خوش قسمتی ہے اور اس سے امید کی جاسکتی ہے کہ وہ اپنی بڑی بہن شروتی ہاسن کی طرح جلد ہی بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنا ایک الگ مقام بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔

مقبول خبریں